مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، گذشتہ روز واشنگٹن میں صہیونی سفارت خانے کے باہر فلسطین کے حامی جوان نے فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرہ لگاتے ہوئے سفارت خانے کے اہلکاروں پر حملہ کردیا جس میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔
حملہ آور کی جانب سے فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے پر صہیونی وزیراعظم نتن یاہو نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے آزادی فلسطین کے نعرے کو جدید نازیوں کا نعرہ قرار دیا ہے۔
نتن یاہو نے اپنے تازہ بیان میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے حامی دراصل اسرائیل کی نابودی کے لیے اسے طاقتور بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یورپی ممالک کے رہنما حماس کے منفی پروپیگنڈے کا شکار ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید دعوی کیا کہ ہم عارضی جنگ بندی کے لیے تیار ہیں، تاکہ قیدیوں کی رہائی ممکن ہو سکے۔ ہمارا ہدف عام شہری نہیں، بلکہ دہشت گرد ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روزہی ایک عرب و یورپی سفارتی وفد کو جنین کے پناہ گزین کیمپ میں صہیونی فوج نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس پر کئی یورپی ممالک نے اسرائیلی سفیروں کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔