جلد ہی ایک بڑے دفاعی کارنامے کی نقاب کشائی کریں گے، جنرل سلامی

جلد ہی ایک بڑے دفاعی کارنامے کی نقاب کشائی کریں گے، جنرل سلامی

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے تہران میں شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی نے دین و وطن کی سربلندی کے لئے جدوجہد کی اور اس المناک واقعے میں وہ امر ہو گئے۔

 ٹرمپ! ایرانی قوم اور اسلامی نظام کو نہیں پہچانتے

 انہوں نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے سعودی عرب میں جو کچھ کہا وہ یا تو آپ کی لاعلمی اور ایرانی قوم کی حقیقت اور اس عظیم ملک سے ناواقفیت کی وجہ سے تھا، یا یہ ایرانی قوم کو مایوس کرنے کے لیے ایک فریب کارانہ نفسیاتی حربہ تھا، لیکن یہ جان لیں کہ آپ کے دماغ میں موجود ایران اور معروضی حقیقت میں بہت فرق ہے۔ تم نہ ایرانی قوم کو جانتے ہو، نہ اسلامی نظام کو، نہ اسلام کو اور نہ ہی ایران کو۔

 جنرل سلامی نے مزید کہا کہ آپ نے ایران کو ایک پسماندہ ملک کے طور پر بیان کرنے کی کوشش کی، جب کہ ہم نے سیٹلائٹ خلا میں بھیجا ہے اور آپ جانتے ہیں کہ جو ملک ایرو اسپیس ٹیکنالوجی سے لیس ہے وہ ترقی یافتہ ہے، آپ خود برسوں سے کہہ رہے ہیں کہ ایران نے ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے جو کہ جدید ترین انسانی علوم میں سے ایک ہے۔ آپ کہتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ کیا یہ علم اور ٹیکنالوجی جو آج ایران میں عروج پر ہے عظیم ایران کی ترقی کی علامت نہیں؟

 انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہونا چاہئے، ہم پاور پلانٹس سے لے کر ریفائنریز، کمپریسر، ٹربائنز، کنڈینسر، بوائلر، ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹر، ڈرون، دفاعی نظام اور میزائلوں تک سب کچھ خود مقامی طور پر بناتے ہیں۔

سپاہ پاسداران کے سربراہ نے کہا کہ ایران کا طبی نظام دنیا کے جدید ترین طبی نظاموں میں سے ہے، اگر آپ ہمارے ہنر مند ڈاکٹروں اور جذبہ تحقیق سے سرشار میڈیکل سائنسدانوں کو جان لیں اور ان کے کارنامے دیکھیں، تو آپ سمجھ جائیں گے کہ ایران کیسا ملک ہے۔ ایران نے صحت کی دیکھ بھال اور علاج کے شعبے میں بے پناہ ترقی حاصل کی ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کک جناب ٹرمپ! آپ اپنے دور حکومت میں کورونا کے دور کی انتظامی ناکامی کو ذرا یاد کریں کہ آپ ان مشکل لمحات میں کیسے کورونا وائرس کا صحیح طریقے سے مقابلہ نہیں کر سکے اور لاکھوں اموات کا سبب بنے؟ 

آپ فوت شدگان کو دفنانے سے بھی قاصر تھے لیکن عظیم ایران نے انتہائی مہارت اور پوری برق رفتاری کے ساتھ کورونا کا خاتمہ کیا اور دنیا کو اندازہ ہوگیا کہ ایران نے صحت کے شعبے میں کتنی ترقی کی ہے۔

 انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرے آپ سے چند سوالات ہیں، اگر میں جھوٹ بول رہا ہوں تو اس کی تردید کریں، ورنہ سوچیں اور غور کریں۔ کیا آپ کے ملک میں 40 ملین لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی نہیں گزار رہے، جو آپ کی آبادی کا 12 فیصد ہیں؟ ہمیں یہ اعداد و شمار آپ کے اپنے ذرائع سے ملے ہیں۔

 کیا ہر سال آپ کے 40،000 نوجوان مایوسی اور اخلاقی بحران کی وجہ سے خود کشی نہیں کر رہے ہیں؟”  اگر یہ سچ نہیں ہے تو ہمیں بتائیں۔

 جنرل سلامی نے مزید کہا کہ کیا آپ کے ملک میں 730,000 بے گھر لوگ رات کو سڑکوں پر نہیں سو رہے ہیں؟” کیا آپ کیلیفورنیا کی آگ پر اچھی طرح سے قابو پانے کے قابل تھے؟ کیا آپ نیویارک میں سیلاب کی درست پیش بندی کرسکے؟

 انہوں نے استفسارانہ لہجے میں کہا کہ مسٹر ٹرمپ! آپ جو ایرانی حکام پر ملک کی ساری دولت ہتھیانے کا الزام لگاتے ہیں، اس سوال کا جواب دیں کہ امریکہ نے کس حکمت عملی سے مغربی ایشیا کی لامتناہی جنگوں میں اپنی عسکری، اقتصادی اور سیاسی طاقت کو بڑھایا، جسے آپ مشرق وسطیٰ کے نام سے جانتے ہیں؟ اور پھر آپ نے آٹھ ٹریلین ڈالر خرچ کیے، ان آٹھ ٹریلین میں سے ایک بھی ڈالر کو سیاسی فائدے میں تبدیل نہ کر سکے۔ کیا تمہارے پاس امریکی عوام کے لیے کوئی جواب ہے؟ 

جنرل سلامی نے تاکید کی کہ ہمارے قائدین کے طرز زندگی کا موازنہ کریں۔ شہید رئیسی ایک عوامی صدر تھے جن کا اٹھنا بیٹھنا ہمیشہ غریبوں کے ساتھ تھا۔ ذرا اپنے گریباں میں جھانکیں کہ تم دنیا میں کہاں ہو؟۔

انہوں نے ایرانی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو امید دلاتا ہوں کہ حالیہ ہفتوں میں ہم نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے جس کے بارے میں آج بات نہیں کروں گا، بلکہ ہم اسے عملی طور پر دکھائیں گے، لیکن جان لیں کہ اب کہانی اور طاقت کا توازن بدل گیا ہے اور بدلتا رہے گا۔ کسی بھی صورت میں، ہم پرعزم ہیں، ہم آزاد رہنا چاہتے ہیں، عزت سے جینا چاہتے ہیں، اور طاقتور بننا چاہتے ہیں۔ ہم کسی بھی مہم کے لیے تیار ہیں۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے