مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے اپنے پرامن جوہری پروگرام کو معطل کرنے کے بارے مذاکرات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات میں ایران کا جوہری پروگرام روکنے کا معاملہ زیر بحث ہی نہیں ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بقایی نے کہا کہ ہمارا پرامن ایٹمی پروگرام پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رہے گا اور اسے روکنا مذاکرات کا بنیادی موضوع نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران کا اصل مقصد اپنی جوہری پیش رفت کو محفوظ رکھنا اور ایرانی قوم پر غیرمنصفانہ طور پر عائد پابندیوں کا خاتمہ ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے وفود نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں بالواسطہ مذاکرات کے چوتھے دور میں شرکت کی۔ ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی جبکہ امریکی ٹیم کی سربراہی امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکاف کررہے تھے۔
یہ مذاکرات عمان کی ثالثی سے ہو رہے ہیں اور دونوں فریقوں نے انہیں تعمیری اور مثبت قرار دیا ہے۔ ان مذاکرات کا محور ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں 2015 کے تاریخی معاہدے کی جگہ کسی ممکنہ نئے معاہدے کے تحت پابندیوں کا خاتمہ ہے۔