مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فرانسیسی اخبار لی پوائنٹ کو ایک مضمون میں لکھا ہےکہ تقریباً ایک صدی قبل مغربی ایشیا کی نئی سرحدیں کھینچنے والے برطانیہ اور فرانس اب ایسی حالت میں پھنسے ہوئے ہیں کہ وہ خطے کی سفارتی پیش رفت سے باہر ہوچکے ہیں، گویا یورپی سفارت کار خطے میں جاری مذاکرات میں محض غیر جانبدارانہ کردار کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ یورپ کی موجودہ بے عملی ان کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ایک ایسی حکمت عملی جس نے اپنے سمیت سب کو نقصان پہنچایا۔
جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں یکطرفہ طور پر JCPOA سے دستبرداری اختیار کی تو یورپ کو فیصلہ کن اقدام کرنا چاہئے تھا، اسی وقت، فرانس کے اس وقت کے وزیر خزانہ برونو لی مائیر نے JCPOA سے ٹرمپ کے یکطرفہ دستبرداری کے جواب میں اعلان کیا کہ یورپ واشنگٹن کی "رعیت” نہیں رہے گا۔ لیکن عملی طور پر، یورپی ٹرائیکا )برطانیہ، فرانس اور جرمنی) یہ ثابت کرنے سے قاصر رہے۔ تاکہ جو اقتصادی فوائد ایران کو JCPOA سے حاصل ہونے والے تھے وہ کبھی پورا نہ ہوسکیں کیونکہ یورپی کمپنیوں نے اپنی حکومتوں کے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے امریکی پابندیوں پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آج اسی پالیسی کا نتیجہ یورپی ممالک کو بھگتنا پڑا ہے کہ جہاں واشنگٹن نے یورپی دارالحکومتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے یوکرین میں جنگ روکنے کے لیے ماسکو کے ساتھ براہ راست بات چیت کی ہے۔
جوہری معاہدے میں نام نہاد "ٹریگر میکانزم” کی تین یورپی ممالک کی حالیہ پالیسی میں یہ سٹریٹجک بے عملی کہیں بھی زیادہ واضح ہے۔ تنازعات کو حل کرنے کے معاہدے میں آخری حربے کے طور پر تیار کیا گیا یہ طریقہ کار، اب یورپی لوگ سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ تینوں یورپی ممالک کی اس اہم مسئلے سے وابستگی نہ ہونے سے ایٹمی پھیلاؤ کے بحران کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو خود یورپیوں کو بری طرح متاثر کرے گا۔
ایران نے یورپیوں کے ٹریگر میکانزم کے استعمال کے امکان کے خلاف اپنی پوزیشن واضح طور پر بیان کی ہے۔ ہم نے JCPOA کے تمام دستخط کنندگان کو باضابطہ طور پر متنبہ کیا ہے کہ ٹریگر میکانزم کے غلط استعمال کے نتائج برآمد ہوں گے۔ اس سے نہ صرف معاہدے میں یورپ کا کردار ختم ہو جائے گا بلکہ یہ ممکنہ طور پر ناقابل تلافی کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے گا۔
تینوں یورپی ممالک کو اپنے آپ سے سوال کرنا چاہیے کہ وہ اس طرح کے بحران کا شکار کیوں ہوئے ہیں۔
گزشتہ امریکی انتظامیہ کے دوران تین یورپی ممالک نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کیا اور ایران نے ان کے ساتھ تعمیری تعاون کیا۔ لیکن جب واشنگٹن میں کسی معاہدے تک پہنچنے کی سیاسی خواہش ختم ہو گئی تو یورپیوں نے آہستہ آہستہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں ختم کر دیں۔
نئے حالات سے ہم آہنگ ہونے کے بجائے، انہوں نے تصادم کا موقف اختیار کیا، انسانی حقوق اور ایران کے روس کے ساتھ جائز تعلقات جیسے بہانے استعمال کیے اور جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے سفارت کاری ترک کر دی۔
اس نقطہ نظر نے نہ صرف حکومتوں کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ انسانی ہمدردی کے شعبے میں بھی اس کے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر، یورپی یونین کی جانب سے ایرانی ایئر لائنز پر گزشتہ سال روس کو مبینہ میزائل برآمدات کا حوالہ دیتے ہوئے پابندی، نے ایران کی اہم ادویات تک رسائی کو سختی سے روک دیا ہے، جن میں کینسر کے علاج کے لیے درکار ادویات بھی شامل ہیں۔
لہذا، ہم دیکھتے ہیں کہ یورپیوں کا موجودہ رویہ پچھلے سالوں کے بالکل برعکس ہے۔ 2003 میں بم میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد فرانس نے فوری طور پر وہاں ایک فیلڈ ہسپتال قائم کیا۔ لیکن جب اس ماہ بندر عباس میں شہید رجائی بندرگاہ میں آگ لگ گئی – جس سے وسطی ایشیا اور قفقاز کے اقتصادی ہب کو خطرہ تھا- صرف روس نے فوری طور پر ایران کو امداد بھیجی۔ یہاں تک کہ یوروپی یونین کا تعزیتی پیغام بحران کے کم ہونے کے ایک ہفتہ بعد آیا!
یہ نازک تعلقات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا غزہ اور یوکرین کے سانحات کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ دو المیے جو ان دو افسوس ناک واقعات میں مغرب کے دوہرے معیار کو واضح طور پر بے نقاب کرتے ہیں۔
ایرانی، دوسروں کی طرح، یورپی طرزعمل کو دیکھتے ہیں اور خود سے پوچھتے ہیں: یہ کیسا تضاد ہے؟
تاہم اس کشیدگی کے باوجود، ایران اور یورپ کے تعلقات کی تاریخ ایک بھرپور بنیاد رکھتی ہے۔
ایران اور یورپ کے درمیان ثقافتی، سائنسی اور اقتصادی تعلقات بشمول توانائی، ٹیکنالوجی اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون نتیجہ خیز رہا ہے۔
سفارتی میدان میں، افغانستان سے لے کر مشرقی بحیرہ روم تک کے مسائل پر ایران کے ساتھ یورپی سفارت کاری معنی خیز تعاون کا باعث بنی ہے۔
اس تاریخ کو دیکھتے ہوئے، میں نے کئی مواقع پر یورپ کے ساتھ بامعنی بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ موسم خزاں میں، نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں نہ صرف جوہری مسئلے پر، بلکہ فریقین کے لیے تشویش کے حامل تمام مسائل، جیسے یوکرین پر بھی تعاون کی تجویز پیش کی۔
ان مثبت اشاروں کو یورپ کی جانب سے سردمہری اور بے عملی کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود، میں سفارت کاری پر کاربند ہوں۔
روس اور چین میں حالیہ مشاورت کے بعد، میں نے تعلقات میں ایک نیا باب شروع کرنے کے مقصد سے پیرس، برلن اور لندن کے سفر کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام سے نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔ یہ مذاکرات اگرچہ نازک ہیں لیکن امید افزا ہیں۔ وقت ختم ہو رہا ہے۔ اس نازک موڑ پر ہم کس طرح کا ردعمل ظاہر کرتے ہیں اس سے ایران-یورپ تعلقات کے مستقبل کا تعین ہو گا۔
ایران تعلقات کے ایک نئے باب میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہمارے یورپی شراکت دار بھی اسی طرح تیار ہوں گے۔”