مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے امام جمعہ آیت اللہ حسینی بوشہری نے نماز جمعہ کے خطبوں میں غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا: صیہونیوں نے امریکی ہتھیاروں سے فلسطینیوں کا بے دریغ قتل عام کیا ہے، غزہ کے عوام آج خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کی وجہ سے بتدریج موت کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: خلیج فارس کا نام تبدیل کرنے کے دعوے سمیت امریکی فریق کے متضاد بیانات ان کی الجھن کی علامت ہیں۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا کہ ہمارا پیغام واضح ہے؛ مذاکرات میں قومی وقار کو برقرار رکھا جانا چاہیے اور ہم افزودگی کے حق سمیت قوم کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ کا ان ممالک کا دورہ ایک مثبت قدم ہے، لیکن خطے میں جنگ کے شعلوں کو روکنا ضروری ہے اور کوئی بھی جوہری تنازع خطے اور دنیا کے لیے ناقابل تلافی تباہی لا سکتا ہے۔
قم کے امام جمعہ نے سوشل میڈیا میں جاری ناپسندیدہ اعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ افراد کے عیوب کو عام کرنا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، اور ہمیں اپنے رویے، گفتگو اور عمل میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں جب دشمن معاشرے کو پستی کی طرف لے جانے کے درپے ہوں، ہمیں ہوشیاری، صبر اور بصیرت سے کام لینا چاہئے۔