مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے چوتھے دور کے بارے میں مختلف خبریں زیر گردش ہیں۔
امریکی ذرائع نے ایران کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تازہ ترین سرگرمیوں اور ممکنہ مذاکراتی شیڈول سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔
آکسیوس نے دو ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ نے صہیونی حکومت کے وزیر برائے اسٹریٹجک امور سے ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات اور غزہ جنگ کے بارے میں مشاورت کی ہے۔
رپورٹ میں ایک صہیونی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہم ٹرمپ کے حوثیوں سے متعلق فیصلے پر حیران رہ گئے۔ امریکی حکومت نے ہمیں صورتحال سے باخبر نہیں رکھا اور ہم صرف میڈیا کے ذریعے اس بارے میں جان سکے۔
آکسیوس کے مطابق ایک اور ذریعے نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی اور ایران سے متعلق ایٹمی مذاکرات پر اسرائیل کے خدشات سے انہیں آگاہ کیا۔
امکان ہے کہ اتوار کے روز عمان میں ویٹکاف اور اس کی ٹیم ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کا ایک نیا دور شروع کریں گے۔