مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے اور سفیر امیر سعید ایروانی کی صدارت میں کم جنگلات رکھنے والے ممالک کا اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد کم جنگلات والے ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر بات چیت، تجربات کا تبادلہ، باہمی تعاون، بین الاقوامی تکنیکی امداد کی فراہمی اور عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اجلاس میں عراق، سینیگال اور منگولیا نے بھی شرکت کی جبکہ اقوام متحدہ کے جنگلات فورم کے نمائندوں نے خطاب کیا۔
ایرانی سفیر ایروانی نے جنگلات کی اہمیت اور ان کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 50 سے زائد ممالک کم جنگلات کے حامل ہیں اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو ان کی مدد کرنی چاہیے۔
انہوں نے ایران کے اقدامات، خاص طور پر جنگلات و چراگاہ قانون کے تحت سالانہ 20 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے جنگلات کے تحفظ میں ایران کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
اپنے خطاب میں ایرانی سفیر نے ایک عالمی ایکشن پلان کی تیاری اور ان ممالک کی ضروریات و ترجیحات کے مطابق مالی وسائل کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔