مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، یمنی فوج کی جانب سے تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر کامیاب میزائل حملوں کے بعد بین الاقوامی ایئرلائنز نے اسرائیل کے لیے پروازوں کی منسوخی میں توسیع کر دی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں صیہونی مسافر دنیا کے مختلف ہوائی اڈوں پر دربدر ہوگئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ یمن کے میزائل حملے کے بعد ان کی پروازیں معطل رہیں گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں درجنوں غیر ملکی ایئرلائنز نے اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کی ہیں، اور یہ عمل بدستور جاری ہے۔
صیہونی ویب سائٹ کالکالیست نے رپورٹ دی ہے کہ لفتھانزا، آسٹریا ایئرلائنز، برسلز ایئر، یورو ونگز، سوئس ایئر اور اٹالین ایئرلائنز نے 11 مئی تک اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
امریکی ایئرلائنز نے 9 مئی تک جبکہ ہنگری کی ایئرلائنز نے 8 مئی تک اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں روک دی ہیں۔ اس کے علاوہ یونان، برطانیہ، امریکہ کی ڈیلٹا ایئرلائن، اور آئرلینڈ کی ایئرلائنز نے 6 مئی تک پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا ہے۔
پروازوں کی اس منسوخی کے نتیجے میں دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر ہزاروں صہیونی پھنس گئے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل نے بن گوریان ایئرپورٹ کے اطراف یمنی میزائل کے گرنے کا باضابطہ اعتراف کیا ہے۔