مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، یمنی مقاومتی تنظیم انصاراللہ نے ایک بیان میں اسرائیل کے مکمل فضائی محاصرے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد مقبوضہ فلسطین میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے۔
انصار اللہ کا یہ اعلان اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم مقامات پر کامیاب میزائل حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
انصاراللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائیاں فلسطینی عوام کے خلاف جاری صہیونی نسل کشی کے جواب میں کی جارہی ہیں۔ جب تک غزہ پر جارحیت جاری ہے، اسرائیل کو مکمل طور پر فضائی محاصرے میں رکھا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے یمنی مسلح افواج بن گوریان ائیرپورٹ سمیت اسرائیلی ہوائی اڈوں کو مسلسل نشانہ بنائے گی۔
انصاراللہ نے تمام بین الاقوامی ایئرلائنز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اعلان کے اسرائیل کی طرف پرواز سے گریز کریں تاکہ طیاروں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یمن، اسرائیل کی طرف سے لبنان، شام اور دیگر عرب ممالک کو نشانہ بنانے کی پالیسی کو ہرگز قبول نہیں کرے گا اور ایسی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔