مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے آذربائیجانی ہم منصب الہام علی اوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دونوں ممالک ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں کہ جوکہ ہمارے لئے قابل فخر ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم تمام صنعتی، سائنسی، ثقافتی، اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر اسلامی اور پڑوسی ممالک ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے مشترکہ اہداف کی سمت قدم بڑھائیں تو ہم تمام شعبوں میں ترقی کریں گے اور ہم ایک ایسا خطہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ممالک اپنے روابط کے ذریعے یورپی ممالک کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات رکھتے ہوں۔
انہوں نے زور دیا کہ ہم ایک دوسرے کی مدد سے مشرقی-مغربی اور شمالی-جنوبی راہداریاں قائم کر سکتے ہیں اور ہم مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی، ثقافتی، سائنسی، عسکری شعبوں میں تعاون کو یقینی بنائیں، ہم اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کے لئے تعلقات کو مستحکم کریں تاکہ وہ ایک شاندار علاقائی اتحاد اور طاقت پر فخر کر سکیں۔