غیر ملکی دورے پر گئے وفد کے رکن غلام نبی آزاد کی طبعیت خراب، اسپتال میں داخل
غلام نبی آزاد اس وفد کا حصہ ہیں جس کی قیادت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بائیجیانت پانڈا کررہے ہیں۔ دورے کے وسط میں ان کی صحت بگڑ گئی ہے۔
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
کل جماعتی وفد میں شامل غلام نبی آزاد دورے کے دوران بیمار ہو گئے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کے ساتھ غیر ملکی دورے پر گئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے کہا کہ ’آج کے دور میں ایسے سیاستدان ملنا مشکل ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ جب ہم اسپتال میں غلام نبی آزاد سے ملنے گئے تو ان کی آنکھیں آنسوؤں سے بھر گئیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ غلام نبی آزاد جس وفد کا حصہ ہیں اس کی قیادت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بائیجیانت پانڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آزاد کی صحت مستحکم ہے۔
انہوں نے لکھا، "غلام نبی آزاد کو ہمارے وفد کے دورے کے درمیان اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ ان کی حالت مستحکم ہے، وہ طبی نگرانی میں ہیں اور کچھ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ بحرین اور کویت میں ہونے والی ملاقاتوں میں ان کا تعاون بہت متاثر کن تھا اور وہ بستر پر ہونے سے مایوس ہیں۔ ہم سعودی عرب اور الجزائر میں ان کو یاد کریں گے۔” بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے ایک پوسٹ میں کہا، "اپنی خراب صحت کے باوجود، انہوں نے ملک کے لیے وفد کا حصہ بننا قبول کیا، آج بھی جب ہم نے اسپتال میں ان سے ملاقات کی تو ان کی آنکھیں آنسوؤں سے بھر گئیں۔ آج کے دور میں ایسے سیاستدانوں کا ملنا مشکل ہے۔ ہم ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔”
بائیجیانت پانڈا نے ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ساتھ وفد سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچ گیا۔ یہاں ان کے ساتھ جانے والی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔