’منی پور میں صدر راج ناکام‘، کانگریس نے مرکزی حکومت سے گورنر کو واپس بلانے کا کیا مطالبہ
منی پور میں مئی 2023 سے کوکی اور میتئی طبقہ کے درمیان جاری نسلی تشدد کے سبب اب تک 260 سے زیادہ لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ کشیدہ حالات کی وجہ سے ہزاروں افراد ہجرت کرنے پر بھی مجبور ہوئے ہیں۔
کانگریس لیڈر کیشم میگھ چندر
منی پور میں تشدد اور سیاسی ہنگامہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ سرکاری بسوں سے ریاست کا نام ہٹائے جانے کا معاملہ بھی طول پکڑ چکا ہے اور اپوزیشن پارٹیوں نے ریاست کے گورنر اجئے کمار بھلّا کے خلاف بھی آواز اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس نے تو ایک بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں صدر راج پوری طرح سے ناکام ہو چکا ہے۔ منی پور پردیش کانگریس کے صدر کیشم میگھ چندر نے صدر راج پر یہ سنگین سوال کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنر اجئے کمار کو فوراً واپس بلا لیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ منی پور میں مئی 2023 سے کوکی اور میتئی طبقہ کے درمیان جاری نسلی تشدد کے سبب اب تک 260 سے زیادہ لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ کشیدہ حالات کی وجہ سے ہزاروں افراد ہجرت کرنے پر بھی مجبور ہوئے ہیں۔ ریاست میں حالات بد سے بدتر ہوتا دیکھ کر وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے 9 فروری 2025 کو استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد 13 فروری 2025 سے منی پور میں صدر راج نافذ ہے۔ پھر بھی تشدد کے واقعات وقتاً فوقتاً ہوتے ہی رہتے ہیں۔
تازہ معاملہ 20 مئی کا ہے جب ایک سرکاری بس صحافیوں کو لے کر شروئی للی مہوتسو جا رہی تھی۔ امپھال کے پاس گوالٹابی چیک پوسٹ پر سیکورٹی فورسز نے بس کو روک دیا اور بس کی وِنڈشیلڈ پر لکھے ’منی پور‘ لفظ کو چھپانے کی بات کی۔ اس کے بعد مقامی لوگوں کی ناراضگی پھوٹ پڑی اور لوگ اس کے خلاف سڑکوں پر اتر آئے۔ طلبا اور خاتون تنظیموں نے اس عمل کے خلاف 6 کلومیٹر طویل انسانی زنجیر بنا کر اپنا احتجاج بھی درج کیا۔ مختلف تنظیموں کے ذریعہ احتجاجی مظاہروں کا یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ 26 مئی کو حالات ایسے ہو گئے کہ مظاہرہ کی وجہ سے گورنر کو سڑک کی جگہ فوجی ہیلی کاپٹر سے راج بھون پہنچایا گیا۔ سبھی گورنر سے اس واقعہ کے لیے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
20 مئی کے واقعہ کے بعد کانگریس بھی پوری طرح حملہ آور نظر آ رہی ہے۔ منی پور کانگریس صدر کیشم میگھ چندر نے سوال کیا ہے کہ آخر گورنر کو کس نے کہا کہ سرکاری بسوں سے ’منی پور‘ لفظ ہٹایا جائے۔ انھوں نے اس واقعہ کو ریاست کے وقار پر چوٹ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی باتیں لوگوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کا کام کرتی ہیں۔ ساتھ ہی میگھ چندر نے مرکزی حکومت اور گورنر سے اس معاملے میں جواب طلب کیا ہے۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ جو کچھ ریاست میں پیش آ رہا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر راج پوری طرح ناکام ہو چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔