پاکستان دہشت گردی کا گڑھ، عالمی برادری کارروائی کرے۔ اویسی کا بیان

پاکستان دہشت گردی کا گڑھ، عالمی برادری کارروائی کرے۔ اویسی کا بیان

حیدرآباد (منصف نیوز ڈیسک)کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹراسدالدین اویسی نے بحرین میں معروف شخصیات سے ملاقات کے دوران پاکستان کو’ناکام ریاست‘ قرار دیا۔

یہ ملاقات بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بیجیئنت پانڈا کی قیادت میں کل جماعتی وفد کے دورہئ خلیج کے موقع پر ہوئی۔بیرسٹراسدالدین اویسی نے کہا”حقیقت یہ ہے کہ ان دہشت گرد تنظیموں نے بھارت میں معصوم افراد کی ہلاکتوں کو درست ٹھہرایا ہے اور انہوں نے آیات قرآنی اور احادیث مبارکہ کو سیاق و سباق کے باہر پیش کیا۔

ہماری دانست میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس اور پاکستان کی دہشت گرد تنظیموں کے تکفیری نظریہ میں کوئی فرق نہیں ہے۔“ انہوں نے مزید کہا ”ہماری حکومت نے ہمیں یہاں بھیجا ہے تاکہ دنیا کو یہ بتایا جا سکے کہ بھارت گزشتہ کئی برسوں سے کس قسم کے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔ بدقسمتی سے ہم نے بے شمار معصوم جانیں کھوئی ہیں۔ اس پوری صورتحال کی جڑ پاکستان ہے۔

جب تک پاکستان ان دہشت گرد گروپوں کی مدد، سرپرستی اور حمایت بند نہیں کرتا، یہ مسئلہ ختم نہیں ہو سکتا۔“انہوں نے مزید کہا”ہماری حکومت نے ہر ممکن اقدام کیا ہے تاکہ ہر بھارتی شہری کی جان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اب حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ اگر پاکستان نے آئندہ کوئی ایسی حرکت کی تو اس کا جواب ان کی توقع سے کہیں زیادہ شدید ہوگا۔“صدرمجلس نے زور دے کر کہا کہ بھارت نے بارہا اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل سے کام لیا۔

پہلگام حملے کا ذکر کرتے ہوئے جس میں 26 سیاح مارے گئے تھے انہوں نے کہا”خدارا!اس قتل عام کی انسانی قیمت پر غور کریں۔ ایک عورت جس کی شادی کو صرف چھ دن ہوئے تھے، ساتویں دن بیوہ ہو گئی۔ ایک اور خاتون جس کی شادی دو ماہ قبل ہوئی تھی اس نے بھی اپنے شوہر کو کھو دیا۔“انہوں نے کہا کہ بھارت دفاعی لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہا ”ہمارے پاس ہر طرح کی صلاحیت ہے، ہر وہ وسائل موجود ہیں جن سے نہ صرف بھارتی شہریوں بلکہ بھارت میں مقیم ہر شخص کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔“

مجلس کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فضائی دفاعی نظام نے سرحد پار سے آنے والے تمام خطرات کو مؤثر انداز میں ناکام بنادیا۔ہماری حکومت، میڈیا، ایئر ڈیفنس سسٹم اور ٹیکنالوجی نے مل کر ایک ناکام ریاست پاکستان کی جانب سے کیے گئے تمام حملوں کو کامیابی سے روکا اور ناکارہ بنایا۔انہوں نے دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے عالمی تعاون پر زور دیا اور بحرین کی حکومت سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو دوبارہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی کوششوں میں بھارت کی مدد کرے۔

انہوں نے کہا ”ہمارے ملک میں سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر اس مسئلے پر مکمل اتفاق ہے۔ ہم میں سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن جب بات وطن کی سالمیت کی ہو تو پورا ملک ایک ہو جاتا ہے۔ میں بحرین کی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ہماری مدد کریں کیونکہ یہ مالی امداد دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔“

بی جے پی رکن بیجئنت پانڈا کی قیادت میں روانہ وفد میں بیرسٹراسدالدین اویسی، بی جے پی کے نشنکانت دوبے، پھنگنون کونیاک، ریخا شرما، ستنام سنگھ سندھو، غلام نبی آزاد اور سفیر ہرش شرنگلا شامل ہیں۔یہ وفد سعودی عرب، کویت، بحرین اور الجزائر کے دورے کے دوران بھارت کے انسداد دہشت گردی اقدامات اور 22 اپریل کے پہلگام حملے کے بعد کیے گئے ردعمل سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر رہا ہے۔سات ارکان پر مشتمل اس کثیرالجماعتی وفد کا مقصد دنیا بھر میں بھارت کے خلاف پھیلائی جا رہی غلط معلومات کا جواب دینا اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کی سخت پالیسی کو اجاگر کرنا ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے