'ایک ملک، دو رہنما — راہل عوام کے ساتھ، مودی صرف اپنے پرچار میں مصروف'، کانگریس کا سخت حملہ

پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے اور بعد ازاں ’آپریشن سندور‘ پر ملک بھر میں جاری سیاسی بحث کے درمیان کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ بولا ہے۔ کانگریس کی جانب سے ’ایک ملک، دو رہنما‘ کے عنوان سے سوشل میڈیا پر انگریزی اور ہندی میں جاری کی گئی پوسٹوں میں راہل گاندھی اور وزیر اعظم مودی کے ردعمل کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
کانگریس نے لکھا کہ پہلگام حملے کے فوراً بعد حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی کشمیر پہنچے، جہاں انہوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے درد کو سنا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملے میں جان گنوانے والے جوانوں کو ’شہید‘ کا درجہ دیا جائے۔