پنجاب میں زہریلی شراب سے اموات کا سلسلہ جاری، لدھیانہ میں 3 افراد ہلاک، ٹھیکہ سیل

مرنے والوں میں 40 سالہ رنکو، 40 سالہ دیبی اور 45 سالہ منگو شامل ہیں۔ رِنکو کی موت بدھ کی رات موقع پر ہی ہو گئی جبکہ باقی دو کو تشویشناک حالت میں سی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا۔ اہل خانہ کے مطابق شراب پینے کے فوراً بعد تینوں کو شدید قے اور جھاگ آنا شروع ہو گیا تھا، جو کہ زہریلی شراب کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بستی جودھےوال تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ شراب کے ٹھیکے کو سیل کر دیا۔ ابتدائی طور پر پولیس نے اس واقعے کو مشکوک اموات قرار دیا ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کے پینل نے کیا اور نمونے تجزیے کے لیے خڑڑ لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔