حیدرآباد (آئی اے این ایس) حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسیٹس پروٹیکشن ایجنسی (حائیڈرا) نے شہر حیدرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات کے انہدام کی مہم جاری رکھی۔
حائیڈرا کے عہدیدار، جمعرات کے روز بھی ضلع میڑچل کے پیرزادی گوڑہ جو شہر کا نواحی علاقہ ہے، میں فعال دکھائی دئیے۔ پیرزادی گوڑہ میں حائیڈرا کے حکام کو تجاوزات کو ہٹانے اور غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کراتے ہوئے دیکھا گیا۔
پیرزادی گوڑہ بلدیہ کے تحت پاروتا پورم میں آج صبح سے ہی بلڈوزرس کو تعینات کیا گیا اور اس موقع پر پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے۔ مقامی افراد نے انہدامی کارروائی کے خلاف شدید احتجاج درج کرایا۔ ان افراد نے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ مکانات خالی کرنے کے لئے ہمیں 2گھنٹوں کی مہلت دی جائے۔
پولیس نے چند مقامی افراد کو حراست میں لے لیا۔تجاوزات کے بارے میں شکایاتیں وصول ہونے کے بعد حائیڈرا حکام، پیرزادی گوڑہ اور بوڈواپل بلدیات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ حائیڈرا کے کمشنر اے وی رنگا ناتھ کو سڑکوں اور سرکاری زمینوں پر قبضہ جات کی کئی شکایتیں وصول ہوئی ہیں۔
شہریوں نے شکایت کی کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات پر ٹاؤن پلاننگ کے عہدیدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان شکایتوں کا جائزہ لینے کمشنر رنگاناتھ خود ان علاقوں کا دورہ کیا اور جانچ کے بعد ان شکایتوں کو درست پایا جس کے بعد انہوں نے غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرنے اور تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا۔
گزشتہ چند دنوں سے حائیڈرا حکام، جی ایچ ایم سی کے مختلف مقامات پر قبضہ جات کو برخاست کرانے اور غیر قانو تعمیری ڈھانچوں کو منہدم کرا رہے ہیں۔ منی کونڈا میں غیر قانونی عمارتوں کو زمین دوز کرنے کے ایک دن بعد جمعرات کے روز حائیڈرا نے یہ انہدامی کارروائی انجام دی۔ اسی طرح کی کارروائی مامڈی پلی کے تحت آر اے آر کالونی میں ایک اسکول میں بھی انجام دی گئی۔ اس اسکول انتظامیہ نے حیدرآباد۔ ورنگل ہائی وے کی ایک لنک روڈ کے حصہ پر قبضہ کرلیاتھا۔
پرجاوانی پروگرام کے دوران شکایت ملنے کے بعد حائیڈرا کے حکام نے اس سڑک کے ایک حصہ پر تجاوز کو برخاست کردیا۔ عوام سے ملاقات پر جاوانی پروگرام ہر پیر کو منعقد ہوتا ہے جس میں سرکاری اراضیات، پارکس اور جھیلوں پر قبضوں سے مربوط شکایت پر توجہ دی جاتی ہے۔ حائیڈرا کمشنر رنگاناتھ کاکہنا ہے کہ سرکاری اثاثوں کو بچانے کیلئے اب عوام خود آگے آرہے ہیں۔