بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن سمیت تین اسٹیشنوں کا وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں افتتاح

بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن سمیت تین اسٹیشنوں کا وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں افتتاح

حیدرآباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت تلنگانہ کے بیگم پیٹ، کریم نگر اور ورنگل ریلوے اسٹیشنوں کا ورچوئل طریقہ سے افتتاح کیا۔ان اسٹیشنوں کو دوبارہ ترقی دی گئی ہے۔

ساوتھ سنٹرل ریلوے میں بیگم پیٹ پہلا ایسا ریلوے اسٹیشن ہے جہاں تمام تر خدمات صرف خواتین عملہ کے ذریعہ فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر مرکزی وزیر کوئلہ اور تلنگانہ بی جے پی صدر جی کشن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں آئندہ چار برسوں میں ریلوے کا نقشہ مکمل طور پر بدل جائے گا اور انقلابی ترقیاتی اقدامات انجام دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ شمالی تلنگانہ اضلاع میں کئی ریلوے منصوبے تیزی سے عمل میں لائے جا رہے ہیں۔کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں فی الحال ریلوے ترقیاتی منصوبوں پر 5,000 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے جا رہے ہیں۔ عوام کی سہولت کے لئے جدید بنیادی ڈھانچہ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔

ریل حادثات سے بچاؤ کے لئے ‘کَوَچ’ پراجکٹ کے تحت ریاست میں اب تک 600 کلومیٹر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کومرولی ریلوے اسٹیشن دسہرہ کے موقع پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں ریلوے کے کئی ترقیاتی پراجکٹس تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور مرکزی حکومت ریاست میں ریلوے کے شعبہ کو انقلابی انداز میں ترقی دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بیگم پیٹ میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم ٹی ایس فیس 2 کا افتتاح جلد ہی وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے، اور یادادری (یادگیر گٹہ) تک بھی ایم ایم ٹی ایس خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ دسہرہ کے موقع پر کومورویلی ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا۔

ساتھ ہی قاضی پیٹ میں ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کے لئے وزیر اعظم مودی خود سنگ بنیاد رکھیں گے۔ کشن ریڈی نے انکشاف کیا کہ تلنگانہ میں تقریباً 80,000 کروڑ مالیت کے ریلوے پراجکٹس زیر غور ہیں اور آئندہ چار سالوں میں ریاست میں کئی انقلابی ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں گے۔

انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریلوے پراجکٹس کے لئے اراضیات کے حصول کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرے کیونکہ کئی اسٹیشنوں میں اراضیات کی کمی کی وجہ سے ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں۔

کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز نے پورے ملک میں 1300 ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سے 40 اسٹیشنوں کو 2026 تک جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔اس سے قبل ایس سی آر کے جنرل منیجر انیل کمار جین نے تینوں اسٹیشنوں میں نصب کردہ جدید سہولیات کی تفصیلات پیش کیں۔

بیگم پیٹ ریلوے اسٹیشن پر 25 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے دو داخلی دروازے، بلند پلیٹ فارمز، ایسکلیٹرس، لفٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے