شدید موسم کی وجہ سے طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، مسافروں کی چیخیں، تمام مسافر اور عملہ محفوظ

وائرل ویڈیو میں اولے طیارے سے ٹکراتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور پورا طیارہ بری طرح ہلتا ہوا نظر آرہا ہے۔ ویڈیو میں مسافروں کی خوف و ہراس، چیخ و پکار اور خوف صاف نظر آرہا ہے۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
دہلی سے سری نگر جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E2142 میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب طیارے کو ہوا کے درمیان شدید موسم کا سامنا کرنا پڑا۔ جیسے ہی پرواز سری نگر کے قریب پہنچی، اس کو بھاری ژالہ باری اور ہنگامہ خیزی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے طیارے کے اگلے حصے یعنی نوز کون کو شدید نقصان پہنچا۔
موسم اور حالات خراب ہونے پر پائلٹ نے سری نگر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا۔ تاہم پائلٹ اور عملے کی دماغی حاظری کی وجہ سے طیارے کو شام ساڑھے 6 بجے سری نگر کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا گیا۔
اس واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، طیارے میں بیٹھے مسافر کی ریکارڈ کردہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس میں اولے ہوائی جہاز سے ٹکراتے نظر آرہے ہیں اور پورا طیارہ بری طرح ہلتا ہوا نظر آرہا ہے۔ ویڈیو میں مسافروں کی خوف و ہراس، چیخ و پکار اور خوف صاف نظر آرہا ہے۔
لینڈنگ کے بعد تمام 227 مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تاہم طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے ایئر لائن نے اسے ‘ایئر کرافٹ آن گراؤنڈ’ (AOG) قرار دیا ہے، یعنی جب تک اس کی مرمت نہیں ہو جاتی تب تک یہ پرواز نہیں کرے گا۔
ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انڈیگو کی پرواز 6E2142 کو خراب موسم میں اولے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پائلٹ نے ایمرجنسی کا اعلان کیا۔ تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہے۔ انڈیگو نے بھی اس واقعے پر ایک سرکاری بیان جاری کیا اور کہا کہ فلائٹ اور کیبن کریو نے مقررہ اصولوں پر عمل کیا اور طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔ سری نگر ایئرپورٹ کی ٹیم نے مسافروں کی سہولت کا پورا خیال رکھا۔ اب طیارے کی جانچ اور مرمت کے بعد ہی اسے دوبارہ اڑان بھرنے کی منظوری دی جائے گی۔
بدھ یعنی کل دیر شام، دہلی-این سی آر میں شدید بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے موسم اچانک بدل گیا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، یہ تبدیلی ہریانہ اور اس کے آس پاس بننے والے طوفانی گردش کی وجہ سے ہوئی ہے۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’آج تک‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔