دہلی اسمبلی احاطہ میں لگائی جائیں گی ساورکر، مدن موہن مالویہ اور دیانند سرسوتی کی تصاویر، قرارداد اتفاق رائے سے پاس

عمومی مقاصد کمیٹی کی میٹنگ میں نائب صدر موہن سنگھ بشٹ، ابھے ورما، چودھری زبیر احمد، منوج کمار شوقین، راجکمار بھاٹیہ، تلک رام گپتا اور ویر سنگھ ڈھنگن موجود تھے۔


دہلی اسمبلی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
دہلی اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا کی صدارت میں بدھ (21 مئی) کو دہلی اسمبلی کی عمومی مقاصد کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، جس میں اتفاق رائے سے ایک تاریخی قرارداد پاس کیا گیا۔ اس قرارداد کے ذریعہ ونایک دامودر ساورکر، مہرشی دیانند سرسوتی اور پنڈت مدن موہن مالویہ کی یاد میں ان کی تصاویر دہلی اسمبلی کے احاطے میں لگائی جائیں گی۔ اس قرارداد کو عمومی مقاصد کمیٹی کے رکن ابھے ورما کے ذریعہ پیش کیا گیا تھا، جسے اتفاق رائے سے منظوری مل گئی۔
اس تعلق سے ابھے ورما نے کہا کہ ’’یہ تینوں عظیم انسان قوم کی تعمیر، سماجی شعور اور تعلیم کے میدان میں انقلابی تبدیلیاں لانے میں پیش پیش رہے ہیں۔ ایسے میں ان کی تصاویر کو اسمبلی کے احاطہ میں نصب کرنا آنے والی نسلوں کے لی مشعل راہ ثابت ہوں گی۔ ساتھ ہی اس سے حب الوطنی، خدمت اور جمہوری اقدار کو فروغ حاصل ہوگا۔‘‘ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اتفاق رائے سے پاس کیے گئے اس قرارداد میں ساورکر کی تصویر اسمبلی کے احاطے میں لگانے کی خصوصی سفارش کی گئی ہے۔
عمومی مقاصد کمیٹی کی میٹنگ میں نائب صدر موہن سنگھ بشٹ، ابھے ورما، چودھری زبیر احمد، منوج کمار شوقین، راجکمار بھاٹیہ، تلک رام گپتا اور ویر سنگھ ڈھنگن موجود تھے۔ اس موقع پر اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ دہلی اسمبلی ملک کی عظیم ہستیوں کی یاد کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ فیصلہ نہ صرف ان تینوں قومی ہیرو کو خراج تحسین ہے، بلکہ اس سے دہلی کے لوگوں میں قومی فخر، ثقافتی شعور اور جمہوری ذمہ داری کے احساس کو مزید تقویت ملے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔