حیدرآباد: حج 2025 کے سلسلے میں بیدر (کرناٹک) سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے 20ویں قافلے کو منگل کی شام حیدرآباد کے حج ہاؤس، نامپلی سے باقاعدہ رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف اہم مذہبی، سماجی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے عازمین کے لیے نیک تمناؤں اور خصوصی دعاؤں کا اظہار کیا۔
رخصتی تقریب میں کرناٹک حج کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار احمد عرف ٹپو، کمیٹی کے اراکین، آئی پی ایس محمد عاصم، تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضال بیابانی اور یونائیٹڈ مسلم فورم (یو ایم ایف) کے صدر مولانا مفتی صادق محی الدین نے شرکت کی۔ انہوں نے عازمین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے لیے کامیاب اور محفوظ سفرِ حج کی دعائیں کیں۔
تلنگانہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی نے بھی اس روح پرور موقع پر حج ہاؤس پہنچ کر عازمین کو رخصت کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
20ویں قافلے میں بیدر کے معروف خطیب محمد تنویر پاشا بھی شامل تھے۔ یہ قافلہ سعودی ایئر لائنز کی پرواز SV-3077 کے ذریعے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر مکہ مکرمہ کی جانب روانہ ہوا۔
عازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں حجاج اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ حج کمیٹی کی جانب سے تمام انتظامات بخوبی انجام دیے گئے۔