ارنب گوسوامی اور امت مالویہ کے خلاف یوتھ کانگریس نے درج کرائی ایف آئی آر درج، غلط معلومات پھیلانے کا الزام

کرناٹک میں انڈین یوتھ کانگریس کی شکایت پر بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ اور ارنب گوسوامی کے خلاف غلط معلومات پھیلانے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے


کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ اور ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کے خلاف جھوٹی معلومات نشر کرنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ شکایت انڈین یوتھ کانگریس کی قانونی شاخ کے سربراہ شری کانت سوروپ بی این نے ہائی گراؤنڈز پولیس اسٹیشن میں کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمہ بی این ایس کی دفعہ 192 (فساد کی نیت سے اشتعال انگیزی) اور دفعہ 352 (امن خراب کرنے کی نیت سے توہین) کے تحت درج کیا گیا ہے۔
شکایت میں الزام ہے کہ امت مالویہ اور ارنب گوسوامی نے جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلائی اور ترکیے کے استنبول میں واقع کانگریس سینٹر کو انڈین نیشنل کانگریس کا دفتر ظاہر کیا، جو کہ حقیقت کے برعکس ہے۔ سوروپ نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا، ایک اہم سیاسی جماعت کی ساکھ خراب کرنا، ملک کی سلامتی اور جمہوری اقدار کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت مالویہ اور ارنب گوسوامی کا یہ عمل ہندوستان اور ترکیے کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات کے دوران کیے گئے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سوروپ نے پریس کونسل آف انڈیا، اطلاعات و نشریات کی وزارت، سی بی آئی اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے کی گئی پوسٹ میں بھی اس معاملے کی تفصیلات شیئر کی گئیں اور کہا گیا کہ امت مالویہ اور ارنب گوسوامی کو غیر ملکی سازشوں میں ملوث ہونے پر قانونی سخت کاروائی کی جانی چاہیے۔ اس واقعے پر سیاسی حلقوں میں بحث ہو رہی ہے، جہاں بعض افراد نے اس کی مذمت کر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرضی خبریں ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔