’جان بحق ہونے والے نیم فوجی جوانوں کو شہید کا درجہ دیا جائے،‘ تیجسوی یادو کا امت شاہ کو خط

انہوں نے لکھا کہ یہ افسوسناک اور قابل غور حقیقت ہے کہ فوجی اور نیم فوجی شہداء کے درمیان حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات، معاوضے اور عزت میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ فوجی شہداء کے اہل خانہ کو جہاں مالی امداد، سرکاری ملازمت، پنشن اور دیگر سماجی تحفظ حاصل ہوتا ہے، وہیں نیم فوجی اہلکاروں کے خاندان اس سب سے محروم رہتے ہیں، حالانکہ وہ بھی ملک کے لیے اپنی جان قربان کرتے ہیں۔
تیجسوی یادو نے نیم فوجی جوانوں کو بھی ’ون رینک ون پنشن‘ (او آر او پی) اسکیم کے دائرے میں لانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نیم فوجی دستوں کی طرف سے دہائیوں سے یہ مطالبات کیے جا رہے ہیں لیکن ابھی تک ان پر سنجیدگی سے غور نہیں ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ جوانوں کا حوصلہ بلند رکھنے اور ان میں احساس برابری قائم رکھنے کے لیے ان مطالبات کو فوری طور پر منظور کیا جانا چاہیے۔