ریلوے ٹکٹ پر ’آپریشن سندور‘ اور پی ایم مودی کی تصویر ہو رہی شائع، کانگریس نے کیا سخت اعتراض

کانگریس کا کہنا ہے کہ ٹرین ٹکٹ پر آپریشن سندور اور نریندر مودی کی تصویر شائع کی جا رہی ہے۔ آپریشن سندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کا سخت جواب تھا، ہمارے جانباز فوجیوں کی بہادری کی داستان تھی۔


آپریشن سندور
ریلوے ٹکٹ پر ’آپریشن سندور‘ اور پی ایم مودی کی تصویریں شائع ہونے کی خبروں کے درمیان کانگریس نے اپنا سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کانگریس نے اس معاملے میں اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ٹرین ٹکٹ پر ’آپریشن سندور‘ اور نریندر مودی کی تصویر شائع کی جا رہی ہے۔ ’آپریشن سندور‘ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کا سخت جواب تھا۔ ہمارے جانباز فوجیوں کی بہادری اور ہمت کی داستان تھی، لیکن مودی حکومت ایسے حساس ایشو پر بھی تشہیر کرنے سے باز نہیں آ رہی۔‘‘
کانگریس نے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا ہے کہ مودی حکومت نے پہلی بار ایسا نہیں کیا ہے، بلکہ پہلے بھی کچھ اسی طرح کی کوششیں دیکھی گئی ہیں۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اس سے قبل بھی نریندر مودی کووڈ ویکسین کے سرٹیفکیٹ، کھاد کے بورے، اناج کے تھیلے اور بچوں کے بیگ پر اپنی تصویر شائع کروا چکے ہیں۔ یہ بے حد شرمناک ہے۔‘‘
اس درمیان کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ ڈال کر بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ بی جے پی ملک کے مفاد والے ایشوز پر ذیلی سطح کی سیاست کر رہی ہے۔ اس کے بعد بھی سوچتی ہے کہ اپوزیشن خاموش رہے گا اور ملک کی سیکورٹی سے جڑے سوال نہیں پوچھے گا۔ کھیڑا مزید کہتے ہیں کہ ہم سوال پوچھتے رہیں گے، اور نہیں پوچھیں گے تو ملک میں دہشت گردانہ واقعات ہوتے رہیں گے۔ تاریخ میں درج ہے کہ جب مورارجی دیسائی وزیر اعظم تھے، تب انھوں نے جنرل ضیا الحق کو فون کر کہا تھا کہ ہمیں ’را‘ والوں نے بتایا ہے کہ کاہوٹا میں نیوکلیئر پروجیکٹ کو لے کر پاکستان کی کیا تیاری چل رہی ہے؟ انھوں نے پوری تفصیل پاکستان کو بتا دی۔ اس واقعہ کے کچھ دن بعد ہی ہم نے ’را‘ کے کئی لوگوں کو گنوا دیا اور ان کی دہائیوں کی محنت برباد ہو گئی۔ آپ کو بتا دیں کہ یہ جانکاری پاکستان کو دینے والے مورار جی کو ’نشانِ پاکستان‘ سے نوازا گیا۔ مورارجی دیسائی کے اس گناہ کی قیمت آج بھی ملک ادا کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔