آکاش آنند کی گھر واپسی، مایاوتی نے پارٹی کا چیف نیشنل کوآرڈینیٹر کیا مقرر، بہار انتخابات کے اسٹار کیمپینر بھی بنائے گئے

مایاوتی نے آکاش آنند کو بی ایس پی کا چیف نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔ وہ بہار اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے اسٹار پرچارک بھی ہوں گے۔ یہ ان کی پارٹی میں باقاعدہ واپسی کا اشارہ ہے


مایاوتی اور آکاش آنند کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو پارٹی میں پھر سے بڑی ذمہ داری دی ہے۔ ان کو پارٹی کا چیف نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں رواں سال بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے اسٹار پرچارک کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ بی ایس پی میں چیف کوآرڈینیٹر کے عہدہ پر تھے۔ واضح ہو کہ رواں سال فروری میں آکاش آنند کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا اور اپریل میں پھر سے پارٹی میں شامل کر لیا گیا۔
بی ایس پی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مایاوتی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق پارٹی کے لوگوں کی رضامندی کے بعد ہی آکاش آنند کو پارٹی کا چیف نیشنل کوآرڈینیٹر بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں پارٹی کے مستقبل کے پروگرام بھی سونپے گئے ہیں، تاکہ وہ ملکی سطح پر پارٹی کو ایک نئی سمت دے سکیں۔ امید ہے کہ اس بار وہ پارٹی اور تحریک کے مفاد میں ہر قسم کی احتیاط برتتے ہوئے پارٹی کو مضبوط بنانے میں قابل ستائش تعاون کریں گے۔ پریس ریلیز میں آگے یہ بھی کہا گیا کہ ’’رواں سال کے اخیر میں بہار میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں پارٹی نے اکیلے اپنے دم پر مکمل تیاری کے ساتھ انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
علاوہ ازیں مایاوتی نے کہا کہ دہشت گرد کے خلاف مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ تاکہ ملک کے لوگوں کو مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور پسماندگی وغیرہ کی پریشان حال زندگی سے نجات دلا کر ترقی یافتہ ہندوستان کے عوام کی امنگوں کے اہداف کو حاصل کرنے کی طرف اپنی توجہ پوری طرح مرکوز کر سکیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گوتم بدھ اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر وغیرہ کے مجسموں کی بے حرمتی کے واقعات کو ریاستی حکومتیں سختی سے روکیں۔ اس کے علاوہ بی ایس پی کی جانب سے پورے ملک میں پارٹی کے پروگراموں کا اہتمام کرنے کے لیے بہوجن والنٹیر فورس (بی وی ایف) کو پہلے کی طرح مضبوط کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔