نئی دہلی (پی ٹی آئی) دہشت گردی پر پاکستان کے خلاف ہندوستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھنے کے لئے بھیجے جانے والے ہمہ جماعتی وفود میں کانگریس قائد ششی تھرور کو لئے جانے پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔
پارٹی قائد جئے رام رمیش نے اپنے ساتھی پر بظاہر طنز میں کہا کہ کانگریس میں ہونا اور کانگریس کا ہونا میں زمین آسمان کا انتر ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہماری پارٹی دریائے گنگا جیسی ہے جس کی کئی معاون ندیاں ہوتی ہیں‘ بعض سوکھ جاتی ہیں اور بعض آلودہ ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے تاہم اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا کانگریس ششی تھرور کے خلاف کوئی کارروائی کرے گی۔ حکومت نے ششی تھرور کو ایک وفد کا سربراہ بنایا ہے۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ جمہوری نظام میں جب کسی رکن پارلیمنٹ کو سرکاری وفد کا حصہ بنایا جاتا ہے تو ایسے ارکان ِ پارلیمنٹ کو اپنی پارٹی کی رضامندی لینی ہوتی ہے۔
حکومت‘ پارٹی سے صلاح و مشورہ کئے بغیر اس کے کسی رکن پارلیمنٹ کو اپنے وفد کا حصہ نہیں بناسکتی۔ ہم سبھی پارٹی سے وابستہ ہوتے ہیں لیکن حکومت کو قائد اپوزیشن کی منظوری لینی ہوتی ہے۔
کانگریس قائد نے کہا کہ حکومت نے ہم سے 4 نام مانگے تھے جو ہم نے بھیج دیئے اور ان ناموں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ اب گیند حکومت کے پالے میں ہے۔