دہلی میں آندھی اور بارش کی تباہی، مٹیرو اسٹیشن کی چھت اُڑی، دیوار گرنے سے 3 افراد جاں بحق

دہلی میں آندھی اور بارش کی تباہی، مٹیرو اسٹیشن کی چھت اُڑی، دیوار گرنے سے 3 افراد جاں بحق

دہلی میں ہفتہ کی دوپہر کے بعد آئی تیز آندھی اور بارش نے شہر کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی۔ نیو اشوک نگر میں دہلی-غازی آباد-میرٹھ ریپڈ میٹرو کے اسٹیشن کی چھت اُڑ گئی، جبکہ سینٹرل دہلی کے نوی کریم علاقے میں ایک زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔

نیو اشوک نگر میٹرو اسٹیشن کی چھت پر نصب ٹین کی چادریں تیز ہوا کے جھونکوں میں دور تک اُڑ گئیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد پولیس اور میٹرو اسٹیشن کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیم موقع پر پہنچی اور مرمت و صفائی کا کام شروع کر دیا گیا۔ احتیاطاً اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

نوی کریم میں پیش آنے والے حادثے میں ایک زیر تعمیر ہوٹل کی بیسمنٹ کی دیوار آندھی کے دوران منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیم اور مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے دو لاشیں نکالیں، جبکہ 4 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاج کے دوران ایک اور زخمی نے دم توڑ دیا، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی۔

مقامی افراد کے مطابق ہوٹل کی بیسمنٹ میں تعمیراتی کام جاری تھا اور اچانک آئی شدید آندھی و بارش کی وجہ سے دیوار گر گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔

دوسری جانب دہلی کے کناٹ پلیس، مہرولی، نوئیڈا اور غازی آباد سمیت کئی علاقوں میں آندھی کی شدت سے درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔ کئی گاڑیاں بھی درختوں کے نیچے دب گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں دوپہر بعد تقریباً 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، جبکہ 3 بجے تک 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس بارش نے شدید گرمی سے عارضی ریلیف ضرور دیا، مگر اس کے ساتھ جانی و مالی نقصان بھی ہوا۔

نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی تیز ہواؤں سے کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ متعلقہ محکمے متاثرہ علاقوں میں صورتحال بحال کرنے میں مصروف ہیں۔

ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم میں مزید بگاڑ آ سکتا ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر تعمیراتی مقامات پر کام کرنے والے افراد زیادہ محتاط رہیں۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے