این ایس یو آئی نے راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر پر سخت ناراضگی ظاہر کی، آر ایس ایس کی شناخت ’ہاف پینٹ‘ کو کیا نذر آتش
این ایس یو آئی نے بی جے پی ہیڈکوارٹر کے باہر زوردار مظاہرہ کیا اور علامتی طور پر آر ایس ایس کی ہاف پینٹ کو آگ لگائی۔ یہ اس استحصالی سوچ کے خلاف مظاہرہ کی علامت ہے جس کی نمائندگی آر ایس ایس کرتا ہے۔
آر ایس ایس کی شناخت خاکی ہاف پینٹ کو نذر آتش کرتے ہوئے این ایس یو آئی کارکنان، ویڈیو گریب
نئی دہلی: نیشنل اسٹوڈنٹس آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے آج ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بی جے پی، جنتا دل یو اور آر ایس ایس کی دلت، او بی سی و اقلیت مخالف ذہنیت کے خلاف آواز بلند کی گئی۔ یہ مظاہرہ بہارمیں راہل گاندھی کو دلت طلبا سے ملاقات کرنے سے روکے جانے اور راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ این ایس یو آئی قومی صدر ورون چودھری کے خلاف غیر منصفانہ ایف آئی آر درج کیے جانے کے خلاف کیا گیا۔
دہلی میں این ایس یو آئی کارکنان نے بی جے پی ہییڈکوارٹر کے باہر زوردار مظاہرہ کیا اور علامتی طور پر آر ایس ایس کی شناخت خاکی ہاف پینٹ کو نذرِ آتش کیا۔ این ایس یو آئی کا کہنا ہے کہ یہ اس استحصالی نظریہ کے خلاف سخت احتجاج کی علامت ہے، جس کی نمائندگی آر ایس ایس کرتا ہے۔ اس مظاہرہ کی قیادت کرنے والے این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’راہل گاندھی کو دلت طلبا سے ملنے سے روکنا اور ان کے ساتھ ساتھ میرے خلاف ایف آئی آر درج کرنا بی جے پی، جنتا دل یو اور آر ایس ایس کے اصل چہرے کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ دلت مخالف، او بی سی مخالف اور اقلیت مخالف ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم اپنی لڑائی مزید تیز کریں گے اور ملک بھر میں دلت، او بی سی و اقلیتی طلبا کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔‘‘
این ایس یو آئی نے راہل گاندھی اور ورون چودھری کے خلاف ہوئی ایف آئی آر کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور فوراً کیس واپس لیے جانے کا مطالبہ کیا۔ این ایس یو آئی نے کہا کہ ہم دلت طلبا اور سبھی محروم طبقات کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈرانے دھمکانے کی کسی بھی کوشش کے آگے ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔