حیدرآباد: شہر میں قتل و غارت گری کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ ترین واقعہ حیدرآباد کے مصروف علاقے نامپلی میں پیش آیا، جہاں نیلوفر اسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے ایک نوجوان پر اچانک حملہ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقتول کی شناخت "ایان” کے نام سے ہوئی ہے، جو چندرائن گٹہ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جنہوں نے تیز دھار ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایان کو شدید زخمی کر دیا۔
زخمی حالت میں ایان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے گئے اور قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات کی ممکنہ وجہ ذاتی دشمنی یا پرانی رنجش ہو سکتی ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے۔
شہر میں پیش آتے ان مسلسل پرتشدد واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے سیکیورٹی اور پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے قتل کی کئی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ حیدرآباد میں امن و امان کی صورت حال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔