’نفرت کی سیاست نے صوفیہ قریشی کو بھی نہیں بخشا‘

نئی دہلی: پچھلے 11 سالوں سے پورے ملک میں نفرت کی سیاست اپنے عروج پر ہے۔ جموں و کشمیر کے پہلگام حملہ کے بعد لوگوں میں جو اتحاد پیدا ہوا اور جس طرح ملک کا ہر شہری دہشت گردی کے خلاف ایک صف میں آ کھڑا ہوا، یہ بات شاید ان لوگوں کو راس نہیں آ رہی ہے جو نفرت کے سوداگر ہی نہیں، لوگوں میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت پیدا کر کے سیاسی فائدہ اٹھاتے آئے ہیں۔
گزشتہ دنوں ہوئی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ میں کرنل صوفیہ قریشی کا ابھر کر سامنے آنا اور ہر ہندوستانی کی زبان پر ان کا نام ہونا نفرتی ٹولے کو برداشت نہیں ہو رہا ہے۔ صوفیہ قریشی ملک کے 30 کروڑ مسلمانوں کی نمائندہ بن چکی ہے۔ اپنے حوصلہ اور کارکردگی سے اس نے یہ پیغام دینے کی کامیاب کوشش کی ہے کہ اگر مسلمانوں کو مواقع دیئے جائیں تو وہ ایسے کام کر سکتے ہیں جس پر پورے ملک کو ناز ہو۔ صوفیہ قریشی نے یہ بھی بتا دیا کہ مسلم بچیاں بھی مردوں کی طرح حیرت انگیز کارنامے انجام دے سکتی ہیں، مگر افسوس نفرت کی سیاست نے صوفیہ قریشی کو بھی نہیں بخشا۔
مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر وجے شاہ نے ایک عوامی جلسہ میں صوفیہ قریشی کو جب دہشت گردوں کی بہن قرار دیا، تو اس وقت اسٹیج پر کئی لوگ موجود تھے، مگر کسی نے انہیں نہیں روکا۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی لیڈران کی خواتین کے تئیں کیا سوچ ہے اور مسلمانوں کو تو وہ پہلے سے ہی نشانہ بناتے ہوئے اور ذلیل کرتے آ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا اور خبروں میں جوں ہی وجے شاہ کا یہ بے ہودہ اور شرمناک ویڈیو وائرل ہوا ملک کے سیکولر عوام نے اس کی سخت مذمت کرنا شروع کر دی۔ وجے شاہ کے اس تبصرے کی چوطرفہ مذمت کی جا رہی ہے۔
اس بابت دہلی کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عبد الواحد قریشی نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی فکر ہمیشہ خواتین مخالف رہی ہے اور اب وجے شاہ نے ایسے موقع پر شرمناک تبصرہ کیا، جب دشمن ملک پاکستان کو کرنل صوفیہ قریشی نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ عبدالواحد قریشی نے کہا کہ وجے شاہ کو فوراً ریاستی کابینہ سے برطرف کیا جانا چاہئے اور قانونی کارروائی بھی کی جانی چاہئے۔ عبدالواحد قریشی نے بات چیت کے دوران یہ بھی بتایا کہ اقلیتی شعبہ کی جانب سے کل یعنی جمعرات کے روز انڈیا گیٹ پر اس تعلق سے ایک احتجاج بھی کیا جائے گا۔
دہلی کانگریس کے ترجمان کنور شہزاد نے بی جے پی وزیر کے تبصرہ کو ملک کے لیے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر وجے شاہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ جس کرنل صوفیہ کو دہشت گردوں کی بہن بتا رہے ہیں، ان کی 3 نسلیں ملک کی حفاظت کرتی آ رہی ہیں۔ کرنل صوفیہ قریشی وہ بہادر خاتون ہیں جنہوں نے ہماری بہنوں کے سندور اجاڑنے والے دہشت گردوں کو خاک میں ملانے کا کام کیا ہے اور آئندہ کے لیے پیغام دیا ہے کہ مستقبل میں دشمن ملک پاکستان اگر ہندوستان کی طرف بد نگاہ سے دیکھے گا تو اس کو سخت جواب دیا جائے گا۔
دہلی کانگریس اقلیتی شعبہ کے نائب صدر مخدوم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی کے لیڈران کی بد کلامی کو اب ہر کس و ناکس برداشت نہیں کر پا رہا ہے۔ ملک کی بہادر بیٹی کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بیٹی کہنا نہ صرف شرمناک ہے بلکہ یہ ہمارے افواج کی بھی توہین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے وزیر وجے شاہ پر ایف آئی آر درج کی جانی چاہئے اور ان کو گرفتار کرنا چاہئے، کیونکہ اس طرح کے تبصرے ناقابل معافی ہیں۔