اتر پردیش کے مدارس میں اب ’یوپی بورڈ‘ کی طرح دی جائے گی تعلیم، بچے پڑھیں گے ریاضی اور سائنس

اتر پردیش کے منظور شدہ مدارس میں 1235400 طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان مدارس میں 9979 پرائمری و اعلیٰ پرائمری سطح (اوّل سے آٹھویں) اور 3350 مڈل و ہائیر مڈل سطح (نویں سے دسویں) کے ہیں۔


مدرسہ کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
اتر پردیش کے مدارس میں اب یوپی بورڈ کی طرح تعلیم دینے کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔ یعنی مدارس میں نویں سے بارہویں تک کے طلبا کو اب سائنس اور ریاضی جیسے سبجیکٹ پڑھائے جائیں گے۔ یوپی بورڈ کی طرز پر ان سبجیکٹس کو مدرسہ بورڈ کے نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے لیے جلد ہی سماجی فلاح کے ڈائریکٹر کی صدارت میں تشکیل کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔
موجودہ وقت کی بات کی جائے تو اتر پردیش میں 13329 منظور شدہ مدارس چل رہے ہیں۔ ان مدارس میں 1235400 طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ منظور شدہ مدارس میں 9979 پرائمری و اعلیٰ پرائمری سطح (اوّل سے آٹھویں) اور 3350 مڈل و ہائیر مڈل سطح (نویں سے دسویں) کے ہیں۔ ان میں 561 مدارس ریاستی حکومت سے گرانٹ حاصل کرتے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 231806 طلبا رجسٹرڈ ہیں۔ ان مدارس میں اول درجہ سے آٹھویں درجہ تک کا نصاب تقریباً بیسک ایجوکیشن کونسل کے یکساں ہے، لیکن نویں درجہ سے بارہویں درجہ میں ابھی سائنس اور ریاضی جیسے سبجیکٹس نہیں پڑھائے جاتے ہیں۔ اعلیٰ سطح پر اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان طلبا کو بھی اردو، عربی، فارسی اور انگریزی زبان کے ساتھ سائنس و ریاضی جیسے جدید سبجیکٹس بھی لازمی طور سے پڑھائے جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ رواں سال یوپی مدرسہ بورڈ منشی (سیکنڈری فارسی)، مولوی (سیکنڈری عربی) اور عالم (سینئر سیکنڈری عربی/ فارسی) کے امتحانات 17 فروری سے 22 فروری تک منعقد کیے گئے تھے۔ یہ امتحانات دو شفٹ میں ہوئے تھے۔ پہلی شفٹ میں امتحان صبح 8 بجے سے 11 بجے تک اور دوسری شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک چلا تھا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نتائج مئی ماہ کے آخر تک جاری کر دیے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔