ہیرٹیج واک، چارمینار کے دامن میں حسیناؤں اپنا حسن بکھیردیا

ہیرٹیج واک، چارمینار کے دامن میں حسیناؤں اپنا حسن بکھیردیا

حیدرآباد: حیدرآباد کے قلب میں واقع پرانا شہر ایک بار پھر دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا کیونکہ عالمی مقابلہ حسن میں شریک حسیناؤں نے تاریخی گلیوں میں ہیرٹیج واک کے ذریعہ اس شہر کے تہذیبی جوہر کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔

 چارمینار کے سائے تلے جب مختلف ممالک کی ماڈلس نے روایتی لباس میں شہر کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا تو گویا پرانے شہر کی گلیاں رنگ و نور سے جگمگا اٹھیں۔یہ صرف ایک واک نہیں بلکہ ماضی کی گواہی تھی۔

تقریباً 400 سالہ قدیم اس خطہ ارضی نے نہ صرف دکن کی تہذیب و تمدن کا بوجھ اپنے سینہ پر اٹھایا ہوا ہے بلکہ آج بھی اپنے منفرد فنِ تعمیر، خوش ذائقہ پکوان اور مہمان نوازی کی روایت کے باعث دنیا بھر میں ایک پہچان رکھتا ہے۔

ہیرٹیج واک کے دوران حسینہ جب لاڈ بازار، چارمینار اور چومحلہ پیلس کے راستوں سے گزریں تو ایسا لگا جیسے تاریخ کی ورق گردانی ہو رہی ہو۔اس منفرد پروگرام کے ذریعہ حیدرآباد کے پرانے شہر کو بین الاقوامی سطح پر ایک نئی شناخت ملی۔ صرف شہر کی خوبصورتی ہی نہیں بلکہ یہاں کے لوگوں کا گرم جوش استقبال، ثقافتی ہم آہنگی اور تاریخی شعور بھی ماڈلس اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے۔

اس موقع پر پرانا شہر کے مقامی فنکاروں نے روایتی دکنی مرفع کے مظاہرے پیش کیے جنہیں عالمی شرکاء نے کافی پسند کیا۔پرانا شہر صرف ایک مقام نہیں، بلکہ تہذیب کا جیتا جاگتا کامل نمونہ ہے جہاں ہر گلی، ہر عمارت اور ہر در و دیوار ایک داستان سناتی ہے۔

عالمی مقابلہ حسن کی شرکا کی یہاں آمد سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہو گئی کہ حیدرآباد نہ صرف موجودہ ٹکنالوجی کا مرکز ہے بلکہ ایک ایسا شہر بھی ہے جہاں ماضی، حال اور مستقبل ایک دوسرے سے بغلگیر ہیں۔

اس ہیرٹیج واک نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ حیدرآباد کی شان صرف اس کی جدید ترقی میں نہیں، بلکہ اس کے ماضی کی جڑوں میں بھی پنہاں ہے، ایک ایسا ماضی جو آج بھی سانس لیتا ہے، جو آج بھی دیکھنے والوں کو محظوظ کرتا ہے، اور جو اب عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اوریہ کہاجائے تو بیجا نہ ہوگا کہ حیدرآباد، پرانا شہر کے بغیر نامکمل ہے۔

 یہ لمحہ نہ صرف شہر کے لئے بلکہ ہندوستانی ثقافت کے لیے بھی فخر کا باعث ہے، کہ ہماری تہذیب، ہماری روایات اور ہمارے شہر آج بھی عالمی منظرنامے پر اپنی شناخت قائم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔





[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے