’انڈیا گیٹ‘ پر مل رہا پورے ہندوستان کے کھانوں کا ذائقہ، بیسمنٹ میں کھلا عالی شان ریستوراں

انڈیا گیٹ کے بیسمنٹ میں ذائقہ دار کھانوں سے لطف اندوز ہونا اب ممکن ہو گیا ہے۔ یہاں بنے ریستورانوں میں طرح طرح کے کھانے مل رہے ہیں۔ یہاں ’مسٹر لٹی والے‘ دیویندر سنگھ کا مشہور لٹی چوکھا ریستوراں بھی ہے۔


انڈیا گیٹ، تصویر آئی اے این ایس
دہلی واقع انڈیا گیٹ کے بیسمنٹ میں ایک نیا ’فوڈ کورٹ‘ کھلا ہے، جہاں ہندوستان کے گوشے گوشے کا ذائقہ موجود ہے۔ یہاں بہار کے ’لٹی چوکھا‘ سے لے کر راجستھان کی ’کچوڑی‘ تک، سبھی ریاستوں کے کھانے دستیاب ہیں۔ کفایتی قیمت میں مل رہے یہ لذیذ پکوان سیاحوں کو خوب پسند آ رہے ہیں۔ یہ نیا فوڈ کورٹ سیاحوں کے لیے ایک پسندیدہ منزل بن چکے ہیں۔
مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کو پسند کرنے والے سیاحوں کے لیے انڈیا گیٹ کے بیسمنٹ میں موجود ریستوراں نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے۔ یہاں آنے والے سیاح ملک کی ہر ریاست کے مشہور پکوان کا مزہ چکھ سکتے ہیں۔ یہاں جنوبی ہند کے بھی کھانے موجود ہیں اور شمال مشرقی ہند کے کھانے بھی۔ اچھی بات یہ ہے کہ سبھی پکوان انڈیا گیٹ کے بیسمنٹ میں ایک ہی مقام پر موجود ہیں۔ بہار، گجرات، راجستھان، سکم، آسام، تمل ناڈو سمیت کئی ریاستوں کے ریستوراں ایک دوسرے سے ملحق ہیں جہاں لوگوں کی بھیڑ دیکھنے کو ملتی ہے۔
بہار کے کھانوں کو پسند کرنے والوں کے لیے ریستوراں میں کئی طرح کے پکوان موجود ہوتے ہیں۔ یہاں ’مسٹر لٹی والے‘ دیویندر سنگھ کا مشہور لٹی چوکھا ریستوراں بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ سکم فوڈ کاؤنٹر میں کئی طرح کے موموز کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ یہیں پر آپ کو آسام فوڈ کاؤنٹر پر ویج اور نان ویج کھانا بھی مل جائے گا۔ پنجابی ریستوراں میں بھی کئی طرح کے پکوان موجود ہیں، مثلاً مکئی کی روٹی و سرسوں کا ساگ، لسّی، چھولے بھٹورے وغیرہ۔ راجستھان کے ذائقہ دار کھانوں کی بات کریں، تو راجستھانی ریستوراں میں پوڑی کچوڑی، سبزی اور مٹھائیاں وغیرہ دستیاب ہیں۔ بیسمنٹ میں سکم کی مشہور چائے بھی آپ پی سکتے ہیں۔ ان کے علاوہ تمل ناڈو کا ڈوسا، حیدر آبادی بریانی، دہلی کی نہاری… ہر جگہ آپ کو لوگ منفرد ذائقوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔