نئی دہلی (آئی اے این ایس) دہلی انٹرنیشنل لمیٹیڈ(ڈی آئی اے ایل) نے اتوار کے دن کہاکہ ایرپورٹ پر آپریشنس نارمل ہیں لیکن فضائی حدود کی بندشوں کے باعث بعض پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
سیکورٹی چیک پوائنٹس میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔ مسافرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پرواز کی روانگی کے وقت سے کافی پہلے ایرپورٹ پہنچ جائیں۔ درست معلومات کیلئے سرکاری ذرائع پر انحصار کیاجائے۔ سوشل میڈیا کے غیر مصدقہ مواد کو شیئر نہ کیاجائے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے مد نظر سیکورٹی اقدامات بڑھادیئے گئے ہیں حالانکہ دونوں ممالک ہفتہ کے دن جنگ بندی پر آمادہ ہوگئے۔ ایرانڈیا نے ملک بھر میں اپنے مسافرین سے کہاکہ وہ کم از کم تین گھنٹے پہلے ایرپورٹ پہنچ جائیں۔ چیکنگ کاؤنٹر پرواز کے اُڑان بھرنے سے 75 منٹ پہلے بند ہوجاتے ہیں۔
اسی دوران ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ نے بھی اڈوائزری جاری کی کہ مسافرین وقت سے کافی پہلے ایرپورٹ آجائیں۔ مسافرین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ ہلکا لگیج ساتھ لائیں۔ ممنوعہ اشیاء ساتھ نہ لائیں۔ حکومت نے جمعہ کے دن ملک میں مزید 24 ایرپورٹ بند کردیئے۔ یہ ایرپورٹس 15 مئی تک بند رہیں گے۔