منی پور میں 6 لاکھ روپے کا انعامی عسکریت پسند گرفتار، آسام رائفلز کے قافلے پر کیا تھا قاتلانہ حملہ

پی ایل اے اور ایم این پی ایف کے کیڈروں کے زریعہ مشترکہ طور پر کیے گئے حملے میں 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔


گرفتار، تصویر آئی اے این ایس
منی پور پولیس کی ایک ٹیم نے ممنوعہ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے ایک سرگرم کیڈر کو گرفتار کیا ہے۔ وہ سال 2021 میں آسام رائفلز کے قافلے پر گھات لگا کر کیے گئے حملے کا کلیدی ملزم ہے۔ اس حملے میں ایک کمانڈنگ آفیسر اور ان کے اہل خانہ سمیت 5 اہلکاروں کی جان چلی گئی تھی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبر کے مطابق گرفتار کیے گئے عسکریت پسند کی شناخت سگولشیم سنتومبا سنگھ (27) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ تھوبل ضلع کے ٹینتھا گاؤں کا رہنے والا ہے، اسی ضلع کے وانگبل مننگ لیکائی سے حراست میں لیا گیا ہے۔ منی پور پولیس کے ایک بیان کے مطابق، سنتومبا کا نام نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے مطلوبہ فہرست میں شامل ہے۔
سگولشیم سنتومبا سنگھ کے پاس سے ایک موبائل فون اور 2 سِم کارڈ برآمد کیا گیا ہے۔ نومبر 2021 میں ہندوستان-میانمار سرحد پر منی پور کے چوراچاندپور ضلع کے سِہکان گاؤں کے پاس ہوئے مہلک حملے کی وجہ سے سنتومبا این آئی اے کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھا۔ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) اور منی پور ناگا پیپلز فرنٹ (ایم این پی ایف) کے کیڈروں کے زریعہ مشترکہ طور پر کیے گئے اس حملے میں 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر (سی او) کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی تھی، جب کہ 6 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔
واضح ہو کہ 6 جنوری 2022 کو این آئ اے نے سنتومبا کی گرفتاری کے لیے درست جانکاری دینے والے کو 6 لاکھ روپے کا نقد انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ وہ اس معاملے میں نامزد 10 عسکریت پسندوں میں سے ایک تھا۔ این آئی اے نے اس واقعہ کے سلسلے میں تعزیرات ہند، غیرقانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، اسلحہ ایکٹ اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی کئی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ یہ گرفتاری منی پور میں ہوئے مہلک ترین باغیوں کے حملوں میں سے ایک کی جاری تحقیقات میں اہم پیش رفت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منی پور کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کا قیام 1978 میں ہوا تھا۔ اس تنظیم کو حکومت ہند دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے۔ منی پور میں یہ تنظیم دھوکے سے ہندوستانی سیکورٹی فورسز پر پہلے بھی حملہ کرتی رہی ہے۔ اس تنظیم کی بنیاد بشویسور سنگھ نے ڈالی تھی۔ یہ دہشت گرد تنظیم آزاد منی پور کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔