اجیت ڈووال نے چینی وزیر خارجہ سے کہا کہ ’آپریشن سندور‘ ضروری تھا

ہند پاک کشیدگی کے درمیان چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے این ایس اے اجیت ڈووال سے بات کی ہےاور انہوں نے کہا کہ وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے درمیان گزشتہ چند گھنٹوں میں واقعات میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے۔ پہلے ڈونالڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا، پھر چین کا بیان ، پھر اس جنگ بندی کی پاکستان کی جانب سے خلاف ورزی کی خبر اور اب چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال سے فون پر بات کی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق، "ڈووال نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کی وجہ سے ہندوستان کو کارروائی کرنے کی ضرورت پڑی کیونکہ اس نے ہندوستان کے لوگوں کو شدید جانی نقصان پہنچایا ۔ جنگ ہندوستان کی پسند نہیں تھی اور جنگ کسی فریق کے مفاد میں نہیں تھی۔ ہندوستان اور پاکستان جنگ بندی کے پابند رہیں گے اور جلد از جلد علاقائی امن و استحکام کی بحالی کی امید رکھیں گے۔”
وانگ یی نے کہا کہ چین پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے۔ موجودہ بین الاقوامی صورتحال ہنگامہ خیز اور ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ ایشیائی خطے میں امن اور استحکام کا حصول مشکل ہے اور اس کی قدر کی جانی چاہیے۔ ہندوستان اور پاکستان ایسے پڑوسی ہیں جنہیں الگ نہیں کیا جا سکتا اور دونوں چین کے پڑوسی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین آپ کے اس بیان کی تعریف کرتا ہے کہ جنگ ہندوستان کی پسند نہیں ہے اور پوری امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان پرسکون اور تحمل کا مظاہرہ کریں گے، بات چیت اور مشاورت کے ذریعہ اختلافات کو صحیح طریقے سے نپٹائیں گے اور صورتحال کو بڑھنے سے روکیں گے۔ چین ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مشاورت کے ذریعہ ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول کی حمایت اور امید کرتا ہے۔ یہ ہندوستان اور پاکستان کے بنیادی مفاد میں ہے اور عالمی برادری کی خواہش بھی ہے۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔