نئی دہلی (آئی اے این ایس) پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی آپریشن سندور کے مدنظر مرکز نے جمعرات کو 11 بجے دن کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے جس میں ملک کی سیاسی قیادت کو اسٹراٹیجک حملوں کی جانکاری دی جائے گی۔
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے چہارشنبہ کے دن یہ اعلان کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ حکومت نے پارلیمنٹ لائبریری بلڈنگ کے کمیٹی روم نمبر G-074 میں 8 مئی جمعرات کو 11 بجے دن کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے کہا کہ وہ توقع کرتی ہے کہ وزیراعظم مودی کم ازکم کل کے اجلاس میں موجود رہیں گے۔
قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے شرکت کرنے والے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ پردھان منتری کل تو آئیں گے۔ 24 اپریل کے اجلاس میں وہ نہیں آئے تھے۔ کم ازکم کل تو انہیں آنا چاہئے۔