حیدرآباد حسن کی عالمی ضیافت کا منتظر، ہر گوشہ بین الاقوامی لمحہ کا خیر مقدم کرنے تیار

حیدرآباد حسن کی عالمی ضیافت کا منتظر، ہر گوشہ بین الاقوامی لمحہ کا خیر مقدم کرنے تیار

حیدرآباد: جب کسی شہر کی فضائیں خوشبو سے مہکنے لگیں، گلیاں چراغاں کی منتظر ہوں، اور چہروں پر ایک مانوس مسکراہٹ جھلکنے لگے تو سمجھ لیجیے کوئی غیرمعمولی لمحہ اُس شہر کے افق پر نمودار ہونے کو ہے۔ایسا ہی ایک لمحہ اب حیدرآباد کے افق پر طلوع ہونے جا رہا ہے، جب قطب شاہوں اورآصف جاہوں کا یہ بلند پایہ شہر دنیا کے حسین ترین چہروں اور ذہنوں کا میزبان بننے کو ہے۔

عالمی مقابلہ حسن کی میزبانی کا شرف اِس تاریخی شہر کو حاصل ہوا ہے،وہی شہر جو نہ صرف تہذیب کا علمبردار ہے بلکہ جمال اور کمال کا مرکز بھی۔عالمی مقابلہ حسن کی تیاریاں بام عروج پر ہیں جس کا مظہر پرانا شہرحیدرآباد بھی بننے جارہا ہے۔

 جہاں کے چومحلہ پیالیس میں ان حسیناوں کے اعزازمیں عشائیہ اورموسیقی ریز محفل کااہتمام کیاجانے والا ہے اورایسا لگتا ہے کہ تاریخ اور مستقبل ایک ہی شام میں ملاقات کے لئے پر تول رہے ہیں۔یہ صرف حسن کا میلہ نہیں، ایک پیغام ہے۔خوبصورتی کو ناپنے کا معیار صرف چہرہ نہیں، دل کی گہرائی اور شعور کی وسعت بھی ہے۔

 اسٹیج پر قدم رکھنے والی حسینائیں صرف ماڈلس نہیں، وہ اپنے اپنے ملکوں کی ثقافت، تعلیم، ہمدردی اور وژن کی نمائندہ ہوں گی۔حیدرآباد اس تقریب کو محض نمائش کے طور پر نہیں دیکھ رہا ہے بلکہ یہ شہر مختلف تہذیبوں، مختلف زبانوں اور سب سے بڑھ کردلوں کا مکالمہ بننے جارہا ہے۔

شہر کی نوجوان نسل پُرجوش ہے، تمام کی نظریں اس لمحہ پر جمی ہیں جب عالمی حسینائیں، اپنی خوشبوؤں، اپنے خوابوں اور اپنے خیالات کے ساتھ اس اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گی۔انتظامیہ کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔سیکیورٹی، مہمان نوازی، ماحولیاتی ہم آہنگی، سب پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔

 شہر کے ایرپورٹ سے لے کر ثقافتی مراکز تک، ہر گوشہ اس بین الاقوامی لمحہ کا خیر مقدم کرنے کو تیار ہے۔یقیناً وہ لمحہ دور نہیں جب حیدرآباد کے آسمان پر ایک نئی روشنی جگمگائے گی،ایسی روشنی جو صرف مقابلہ حسن کی چکاچوند نہیں، بلکہ ایک عالمی اتحاد، بین الثقافتی ربط، اور انسانی ہم آہنگی کی امید ہوگی۔

شہریوں کا یہ احساس ہے کہ حیدرآباد واقعی خوش نصیب ہے کہ اسے صرف حسن کی میزبانی نہیں، محبت، ہم آہنگی اور تہذیبی فخر کی ترجمانی کا موقع بھی ملا ہے۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے