حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کی کلکٹر تریپاٹھی نے رات دیرگئے اچانک دھان کی خریداری کے مرکز کا دورہ کیا۔
انہوں نے لاریوں کی بروقت آمد نہ ہونے کے باعث دھان کی خریداری میں تاخیر کی اطلاعات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکز کا دورہ کیا۔کلکٹر نے موقع پر موجود کسانوں اور مرکز کے منتظمین سے بات کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے لاریوں کی عدم دستیابی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ کنٹراکٹرسے بات کی اور برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر لاریوں کا بندوبست کیا جائے، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت دی کہ منگل سے روزانہ دو گاڑیاں متعین کی جائیں اور ہر دن کی خریدی گئی فصل کو اسی دن روانہ کیا جائے تاکہ تاخیر نہ ہو۔
یہ دھان خریداری مرکز آئی کے پی کے تحت چلایا جا رہا ہے۔کلکٹر نے افسوس کا اظہار کیا کہ متعلقہ حکام کی نگرانی میں کوتاہی پائی گئی ہے۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر آئندہ کوئی کوتاہی ہوئی تو سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ کلکٹر کی اچانک آمد سے کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جنہوں نے ان کی فوری مداخلت پر اظہارِ اطمینان کیا۔