ضابطوں پر عمل نہیں کرنے پر 5 اہم بینکوں پر آر بی آئی کی کارروائی، لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

آر بی آئی نے جن بینکوں پر جرمانہ عائد کیا ہے ان میں آئی سی آئی سی آئی بینک، ایکسس بینک، آئی ڈی بی آئی بینک، بینک آف بڑودہ اور بینک آف مہاراشٹر شامل ہیں۔


آر بی آئی، تصویر آئی اے این ایس
ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی) کے ذریعہ وقت وقت پر ملک کے کئی بینکوں پر ضابطوں پر عمل نہیں کرنے کی وجہ سے جرمانہ لگایا جاتا ہے۔ ایک بار پھر آر بی آئی نے ملک کے اہم بینکوں پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس میں آئی سی آئی سی آئی بینک، ایکسس بینک، آئی ڈی بی آئی بینک، بینک آف بڑودہ اور بینک آف مہاراشٹر شامل ہیں۔
آئی سی آئی سی آئی بینک:
ملک کے سب سے بڑے پرائیویٹ بینکوں میں سے ایک آئی سی آئی سی آئی پر آر بی آئی نے پورے 97.20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ آئی سی آئی سی آئی بینک پر یہ جرمانہ سائبر سیکوریٹی ڈھانچے، کے وائی سی، کریڈٹ اور ڈیوٹ کارڈ پر کچھ اصولوں پر عمل نہیں کرنے کی وجہ سے لگایا گیا ہے۔
بینک آف بڑودہ:
بینک آف بڑودہ پر آر بی آئی نے 61.40 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ بینک آف بڑودہ پر یہ جرمانہ مالی خدمات اور بینک میں موجود کسٹمر سروس کاؤنٹر پر جاری کی گئی ہدایات پر عمل نہیں کرنے کی پاداش میں ریزرو بینک آف انڈیا نے عائد کیا ہے۔
آئی ڈی بی آئی بینک:
آئی ڈی بی آئی بینک سے آر بی آئی کے ذریعہ 31.8 لاکھ روپے کا جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ آئی ڈی بی آئی بینک پر یہ جرمانہ کسان کریڈٹ کارڈ کے توسط سے زراعت اور وابستہ سرگرمیوں کے لیے دیئے گئے قلیل مدتی قرض پر سود پر سبسڈی سے متعلق ہدایات پر عمل نہیں کرنے کی وجہ سے لگایا گیا ہے۔
بینک آف مہاراشٹر:
بینک آف مہاراشٹر کی بات کی جائے تو اس پر 31.80 لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ آر بی آئی نے بینک آف مہاراشٹر پر یہ جرمانہ کے وائی سی سے متعلق ہدایات پر عمل نہیں کرنے کی وجہ سے عائد کیا ہے۔
ایکسس بینک:
ملک کے ایک اور اہم بینک ایکسس بینک پر آر بی آئی نے 29.60 لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔ ایکسس بینک پر یہ جرمانہ دفتری کھاتوں کے غیر مجاز آپریشنز پر آر بی آئی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے عائد ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔