کوزیکوڈ: پرینکا گاندھی نے سڑک حادثہ میں زخمی لوگوں کو دیکھ کر قافلہ رکوایا، ابتدائی علاج کے بعد اسپتال پہنچوایا

یہ حادثہ کیرالہ کے کوزی کوڈ ضلع میں ہوا جب کولیانڈی رہائش نوشاد اور ان کے کنبہ کی کار کی ٹکر ایک دوسری کار سے ہو گئی۔ وہاں سے گزر رہی پرینکا گاندھی نے گاڑی سے اتر کر زخمیوں کی ابتدائی طبی مدد کی۔


کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کی رات کیرالہ کے کوزیکوڈ کے اِنگپوجھا علاقے میں ایک سڑک حادثہ ہوتے ہوئے دیکھا تو فوراً اپنا قافلہ رکوا دیا اور مدد کے لیے اپنے قدم آگے بڑھا دیئے۔ انہوں نے اپنے قافلے میں موجود ڈاکٹروں کو موقع پر بلایا اور زخمیوں کا ابتدائی علاج کروایا۔ اس کے بعد انہوں نے ایمبولنس میں موجود میڈیکل ٹیم کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوراً اسپتال پہنچایا جائے۔
یہ حادثہ کوزی کوڈ ضلع میں ہوا جب کولیانڈی رہائش نوشاد اور ان کے کنبہ کی کار کی ٹکر ایک دوسری کار سے ہو گئی۔ اس دوران پرینکا گاندھی کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ انہوں نے نہ صرف رک کر زخمیوں سے بات کی بلکہ ان کی حالت کی جانکاری بھی لی۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھی ان دنوں اپنے لوک سبھا حلقہ وائناڈ کے تین روزہ دورے پر کیرالہ میں ہیں۔ اس دوران انہوں نے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔
کانگریس پارٹی کی طرف سے ’ایکس‘ پر ساجھا کیے گئے ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرینکا گاندھی زخمیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دے رہی تھیں۔ انہوں نے موقع پر موجود لوگوں سے بھی معلومات حاصل کی اور ڈاکٹروں سے پوری طبی امداد دینے کو کہا۔
اس کے علاوہ پرینکا گاندھی نے ہفتہ کو گوا کے شیر گاؤں میں ہوئے بھگدڑ واقعہ پر بھی اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ اس حادثے میں 6 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی تھی اور کئی لوگ زخمی ہو ئے تھے۔ یہ حادثہ لیرائی دیوی مندر میں سالانہ مذہبی یاترا کے دوران پیش آیا۔
پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا، ’’گوا کے شیر گاؤں میں لیرائی دیوی مندر کی یاترا کے دوران ہوئی بھگدڑ سے کئی عقیدت مندوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر انتہائی غمناک ہے۔ میں سبھی غمزدہ کنبوں کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘