حکومت نے ہندوستان میں پاکستان سے ہر قسم کی اشیا کی درآمد اور ترسیل پرپابندی عائد کی

اس پابندی کا اطلاق ان تمام اشیا پر ہو گا جو وہاں سے آزادانہ طور پر منگوائی جا سکتی ہیں یا کسی اور ذریعہ سے خریدی جا سکتی ہیں۔ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کے مفاد میں کیا گیا ہے۔


فائل تصویر یو این آئی
قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت ہند نے پاکستان سے تمام قسم کے سامان کی درآمد پر فوری اثر سے پابندی لگا دی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق پاکستان سے ان سامان پر بھی ہو گا جوہندوستان کے راستے کسی اور جگہ بھیجے جا رہے ہیں۔
صنعت و تجارت کی وزارت کی ایجنسی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان سے آنے والی یا برآمد ہونے والی تمام اشیا کی براہ راست یا بالواسطہ یا ہندوستان کے راستے ایسے سامان کی آمدورفت پر کل سے پابندی عائد ہوگی۔
اس پابندی کا اطلاق ان تمام اشیا پر ہو گا جو وہاں سے آزادانہ طور پر منگوائی جا سکتی ہیں یا کسی اور ذریعہ سے خریدی جا سکتی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور عوامی پالیسی کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے فارن ٹریڈ پالیسی 2023 میں ضروری ترامیم نوٹیفائی کی گئی ہیں۔ اس پابندی کے کسی بھی متبادل کے لیے حکومت سے اجازت درکار ہوگی۔
واضح ر ہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں پاکستان کے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے خلاف کئی سخت پابندیاں عائد کی ہیں۔ ہندوستان نے پاکستان کو پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان نے ہندوستانی تجارتی اور مسافر بردار ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔