پنجی: شمالی گوا کے ایک موضع میں مندر جاترا میں ہفتہ کی صبح بھگدڑ میں کم ازکم 6 افراد بشمول 2 عورتیں ہلاک ہوگئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ چیف منسٹر پرمود ساونت نے پنجی سے تقریباً 40 کیلومیٹر دور شِرگاؤں کے لیرائی دیوی مندر میں کل رات 3 بجے کے آس پاس مچی بھگدڑ کی انکوائری کا اعلان کردیا۔
پولیس کے بموجب سالانہ جاترا کے لئے ہزاروں یاتری مندر کی تنگ گلیوں میں جمع ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچی۔ پی ٹی آئی سے بات چیت میں ڈائرکٹر جنرل پولیس آلوک کمار نے کہا کہ 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے جن کا ریاست کے مختلف دواخانوں میں علاج چل رہا ہے۔
عہدیدار نے کہاکہ 30 تا 40 ہزار یاتری‘ جاترا کے لئے اکٹھا ہوئے تھے۔ بعض لوگ ڈھلان پر کھڑے تھے۔ ڈھلان سے چند لوگ پھسل کر گرے اور لوگ ایک دوسرے پر گرتے چلے گئے۔ 40 تا 50 لوگ ڈھلان سے گرے۔
گوا‘ مہاراشٹرا اور کرناٹک سے ہزاروں لوگ اس سالانہ یاترا میں شرکت کے لئے آتے ہیں۔ چیف منسٹر پرمود ساونت نے شمالی گوا کے ضلع ہسپتال اور مقام بھگدڑ کا دورہ کیا۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ میں نے واقعہ کی تفصیلی انکوائری کے لئے کہا ہے اور ہم رپورٹ منظرعام پر لائیں گے۔مجسٹرئیل انکوائری ہوگی۔
تمام جاتراؤں میں احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو۔ ریاستی وزیر صحت وشواجیت رانے نے کہا کہ تقریباً 80افراد زخمی ہوئے۔ ان میں 13 گوا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں اور 5 کی حالت نازک ہے۔ وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔