حکومت کا نشانہ دہشت گرد ہونے چاہئیں، پاکستان کو سخت جواب ملنا چاہیے: جئے رام رمیش

جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے حکومت میں رہتے ہوئے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کی ہے اور آج اپوزیشن میں رہوتے ہوئے بھی ہم حساس وقت میں قومی ایشوز پر حکومت کے ساتھ ہیں۔


جئے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس کے جنرل سکریٹری اور شعبہ مواصلات کے چیف جئے رام رمیش نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملہ معاملہ میں بی جے پی طے نہیں کر پا رہی ہے کہ نشانہ کسے بنایا جائے، جبکہ اس وقت نشانہ طے ہونا چاہیے۔ حکومت کا ہدف دہشت گرد ہونے چاہئیں اور پاکستان کو سخت جواب ملنا چاہیے۔ رمیش نے کہا کہ ہم قومی ایشوز پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم نے کبھی سیاست نہیں کی۔ آج ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔
کانگریس نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جئے رام رمیش کی ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی طے نہیں کر پا رہی ہے کہ نشانہ کسے بنایا جائے، جبکہ اس وقت نشانہ طے ہونا چاہیے۔ حکومت کا نشانہ دہشت گرد ہونے چاہئیں اور پاکستان کو سخت جواب ملنا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے شروعات سے ہی اس سلسلے میں حکومت کی حمایت کی ہے اور پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کا مطالبہ بھی کیا۔ پھر کل جماعتی میٹنگ ہوئی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی نہیں تھے، لیکن ہم نے اپنی بات رکھی۔ اس کے بعد کانگریس پارٹی نے سی ڈبلیو سی میٹنگ میں قرارداد بھی پاس کیا۔ ہم نے کہا کہ ملک کے سامنے یہ حساس وقت ہے۔ پہلگام میں جو ہوا، وہ بربریت ہے، جس کا ماسٹر مائنڈ پاکستان ہے۔ پاکستان کو جواب دینا ہمارا فرض بنتا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس معاملے میں ہم نے حکومت کو اپنی حمایت دی اور کہا کہ آپ کے کسی بھی فیصلے میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، لیکن اسے پولرائزیشن کا ایشو مت بنائیے۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے اس حملے کے سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس کا مطالبہ کیا گیا ہے، لیکن اس کا جواب پی ایم مودی کی طرف سے ابھی تک نہیں آیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔