'جس شخص کے ساتھ ایسا ہوا ہو اس کی کیسی حالت ہوگی'، ونے نروال کی بہن سرشٹی کا جذباتی بیان

آنجہانی بحریہ کے افسر ونے نروال کے یوم پیدائش کے موقع پر جمعرات کو خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مرحوم کی بہن کا جزباتی بیان۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
پہلگام حملے میں اپنی جان گنوانے والے بحریہ کے افسر ونے نروال کی بہن سرشٹی نے اے بی پی نیوز سے خصوصی بات چیت کی۔ ونے کی بیوی ہمانشی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایک ایسے شخص کی حالت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس نے اپنی آنکھو ں کے سامنے اپنے شوہر کھو دیا ہو اور جس کے ساتھ ایسا ہوا ہو۔ پورا خاندان ان کے ساتھ ہے، وہ ریکور ہو رہی ہیں۔
دراصل یکم مئی کو ونے نروال کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر کرنال میں ان کی رہائش گاہ پر ان کی یاد میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ان کی بہن نے کہا، "میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ لوگ بہت دور سے آئے ہیں۔ میں نے ایک جوڑے سے بات کی جو بنگلورو سے فلائٹ کے ذریعہ صرف خون کا عطیہ دینے آئے تھے۔ لوگ دور دراز سے دہلی، گڑگاؤں، جند اور گوہانہ سےآئے ہیں۔ وہ اسکول سے چھٹی لے رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اب یہ تقریب ہر سال ان کی سالگرہ پر منعقد کی جائے گی۔
سرشٹی نے اپنی بھابھی ہمانشی کے بارے میں کہا، "آپ ایک ایسے شخص کی حالت کا اندازہ لگا سکتے ہیں جس کا شوہر اس کی آنکھوں کے سامنے مارا گیا ہو اور جس کے ساتھ یہ ہوا ہو، پورا خاندان اس کے ساتھ ہے۔ وہ اس وقت ریکور ہو رہی ہے۔”
اس دوران ہمانشی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں انہوں نے کہا کہ وہ امن اور انصاف چاہتی ہیں۔ یہ حملہ کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ لیکن اس واقعہ کے بعد کشمیریوں اور مسلمانوں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔واضح رہے کہ کوچی میں تعینات بحریہ کے افسر ونے نروال 22 اپریل کو اپنی اہلیہ کے ساتھ پہلگام کی وادی بیسران میں موجود تھے۔ وہ وہاں چھٹیاں منانے گئے تھے۔ ونے اور ہمانشی کی شادی 16 اپریل 2025 کو ہوئی تھی۔