دوحہ (آئی اے این ایس) قطر کی شوریٰ کونسل نے جو ملک کا اعلیٰ قانونی ادارہ ہے، آج ہندوستان کی غیررسمی تائید کی۔ کونسل نے سپریہ سولے کی زیرقیادت وفد کے اس مطالبہ کی ہاں میں ہاں ملایا کہ کسی بھی شکل کی دہشت گردی کا صفایا کیا جانا اور اس کا جہاں کہیں سے بھی یہ اپنا گھناؤنا سر اُٹھائے جڑ سے خاتمہ کیا جانا چاہیے۔
ہندوستانی وفد نے جس کی قیادت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی۔ ایس پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے کررہی ہیں، قطر کے قانون ساز ادارہ کے ارکان سے ملاقات کی۔ انھیں ہندوستان کے آپریشن سندور کی تفصیلات اور دہشت گردی کو پاکستان کی کھلی تائید سے واقف کرایا۔
اس الزام کی تصدیق کے لیے دستاویزی ثبوت بھی پیش کیے گئے۔ آپریشن سندور میں منتخب مقامات پر فوجی حملے کیے گئے، جس میں پاکستان میں دہشت گرد اڈوں کو تباہ کردیا گیا۔ شوریٰ کونسل سے ملاقات کے بعد سپریہ سولے نے کہا کہ قطر پارلیمنٹ کے تمام ارکان نے ہندوستان کی تائید کی اور یہ مشترکہ نظریہ اخذ کیا کہ دہشت گردی کا اس کے مبدأ سے خاتمہ کیا جانا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ قطر کے ارکانِ پارلیمنٹ نے دہشت گردی کے خاتمہ کے علاوہ کرپشن پر صفر برداشت پالیسی برقرار رکھنے کے سلسلہ میں ہندوستان جیسے نظریات کا ہی اظہار کیا۔ سپریہ سولے کی زیرقیادت وفد میں راجیو پرتاپ ریڈی، انوراگ ٹھاکر، وی مرلی دھرن کے علاوہ کانگریس قائدین منیش تیواری، آنند شرما، تلگو دیشم پارٹی کے ایل سری کرشنا، عام آدمی پارٹی لیڈر وکرم جیت ساہنی اور سابق سفارت کار سید اکبر الدین شامل ہیں۔