حیدرآباد: وقف ترمیمی قانون کے خلاف شہر حیدرآباد میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے بڑے پیمانے پر انسانی زنجیر بنائی گئی۔
پرانا شہر کے بیشتر مقامات پر یہ زنجیریں بنائی گئیں۔ مجلس کے ارکان اسمبلی اور دیگر دانشوروں، مفکرین اور اہم شخصیات کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے ان زنجیروں میں حصہ لیا۔ ان کا یہ شدید احساس تھا کہ یہ وقف قانون مسلمانوں کے مفاد کے خلاف ہے اور حکومت مسلمانوں کے معاملات میں بے جا مداخلت کررہی ہے۔
مجلس اور مسلم تنظیموں کا یہ شدید احساس ہے کہ حکومت وقف اراضیات اور اثاثوں پر قبضہ کے ساتھ ساتھ مداخلت کی کوشش کررہی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ وقف جائیدادیں قوم کی امانت ہیں۔ ان پر کسی بھی قسم کی غیرشرعی یا غیرقانونی دخل اندازی ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقف قانون دراصل مسلمانوں کے مذہبی، تعلیمی اور فلاحی اداروں پر کنٹرول کرنے کی ایک سازش ہے۔ مسلمان اس قانون کے خلاف جمہوری اور پرامن انداز میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔
آج کا یہ مظاہرہ پرامن رہا۔ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ اس احتجاج کی تصاویر اور ویڈیوز سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئیں۔