لالوپرساد یادو نے بڑے بیٹے کو پارٹی سے خارج کردیا

لالوپرساد یادو نے بڑے بیٹے کو پارٹی سے خارج کردیا

پٹنہ (آئی اے این ایس/پی ٹی آئی)راشٹریہ جنتا دل(آرجے ڈی) سربراہ لالوپرساد یادو نے اتوار کے دن اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کو اُن کے ”غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ“ اور خاندان کی اقدار اور رویات کا پاس ولحاظ نہ رکھنے پر پارٹی سے 6 سال کیلئے خارج کردیا۔ یہ فیصلہ تیج پرتاپ کے اپنے فیس بک پر ایک ویڈیو شیئر کرنے کے ایک دن بعد آیا۔

اس ویڈیو میں اُنہوں نے کہاتھا کہ وہ گزشتہ 12 سال سے انوشکا یادو نامی ایک عورت کے ساتھ ریلیشن شپ میں ہیں۔ لالوپرساد یادو نے ایکس پر پوسٹ میں اپنے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ نجی زندگی میں اخلاقی اقدار کو نظر انداز کرنے سے سماجی انصاف کیلئے ہماری اجتماعی جدوجہد کمزور ہوتی ہے۔ میرے بڑے بیٹے کی حرکتیں اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہمارے کنبہ کی قدوروں اور روایات کے مطابق نہیں ہے۔

اس کے مد نظر میں نے اُسے پارٹی اور فیملی سے خارج کردیا ہے۔ اب سے پارٹی اور فیملی میں اُس کا کوئی رول نہیں ہوگا۔ تیج پرتاپ کو 6 سال کیلئے خارج کردیا گیا۔ وہ سبھی لوگ جو اُس کے ساتھ ہیں اُنہیں اپنے فیصلہ خود کرنا چاہئے۔ لالو پرساد یادو نے کہاکہ میں نے ہمیشہ پبلک لائف میں اصولوں اور ڈسپلن کی وکالت کی ہے۔ میرے خاندان کے فرمانبردار ارکان نے اس پر عمل کیا۔

تیج پرتاپ کے بھائی اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی یادو نے اُن سے قطع تعلق کی توثیق کی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اب میرا تیج پرتاپ سے کوئی رشتہ نہیں رہا۔ آرجے ڈی صدر لالو یادو نے فیصلہ کیا اور اُسے پبلک ڈومین میں رکھ دیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے اتوار کے دن اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کو اُن کے ”غیر ذمہ دارانہ رویہ“ پر 6 سال کیلئے پارٹی سے خارج کردیا۔

اُنہوں نے ا ُن سے تمام خاندانی تعلقات بھی ختم کردیئے۔ اُنہوں نے آج دوپہر ایکس پر پوسٹ میں یہ اعلان کیا۔ لالو پرساد یادو نے کہاکہ بڑے بیٹے کی سرگرمیاں اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہمارے خاندان کی اقدار اور روایات کے مطابق نہیں ہے۔ میں اُسے پارٹی اور خاندان سے نکال باہر کررہا ہوں۔ اب سے اُس کا پارٹی میں یا فیملی میں کوئی رول نہیں ہوگا۔ اُسے پارٹی سے چھ سال کیلئے خارج کیاجاتا ہے۔

اس اقدام سے ایک دن قبل تیج پرتاپ یادو نے ایک فیس پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ ایک نوجوان عورت کے ساتھ ریلیشن شپ میں ہیں لیکن بعد میں اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اُن کے اکاؤنٹ کو کسی نے ہیک کرلیا۔ بہار کے سابق وزیر اور لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے کی فیس بک پوسٹ اب ڈیلیٹ ہوچکی ہے۔ اُنہوں نے ہفتہ کی شام ایکس پر لکھا تھا کہ اُنہیں اور اُن کے ارکان خاندان کو بدنام اور ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ میرا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہیک کرلیا گیا اور میری تصاویر کو غلط طریقہ سے ایڈٹ کیا گیا۔ پوسٹ میں تیج پرتاپ یادو کو ایک عورت کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے جس کے نیچے کیپشن میں لکھا ہے کہ اس تصویر میں دکھائی دینے والی انوشکا یادو ہے۔ ہم گزشتہ 12سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور 12 سال سے ریلیشن شپ میں ہیں۔ اِس پوسٹ پر سوشل میڈیا یوزرس نے تنقید کی۔

کئی نے 37 سالہ سیاستداں کو یاددلایاکہ 2018 میں اُن کی شاہانہ شادی ہوئی تھی۔ تیج پرتاپ یادو نے بہار کے سابق چیف منسٹر داروغہ رائے کی پوتی ایشوریا سے شادی کی تھی۔ تاہم چند ماہ میں ہی ایشوریا اُن کا گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ اُس نے الزام عائد کیا تھا کہ اُسے شوہر اور سسرال والوں نے نکال باہر کیا۔ یہ واضح نہیں کہ آیا تیج پرتاپ یادو نے فیس بک پیج اور پوسٹ ہیک کرنے کی شکایت پولیس میں درج کرائی یا نہیں۔ اُنہوں نے تاہم اپنے حامیوں اور فالوورس سے خواہش کی کہ وہ چوکنا رہیں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔

آئی اے این ایس کے بموجب 2018 میں ایشوریا سے تیج پرتاپ یادو کی شادی قومی سرخیوں میں رہی تھی۔ شاہانہ شادی میں کئی بڑے سیاستدانوں نے شرکت کی تھی۔ اسے ہائی پروفائیل سیاسی اتحاد سمجھا گیا تھا تاہم یہ شادی چل نہیں سکی۔ چند ماہ میں ہی تیج پرتاپ یادو نے طلاق کے کاغذات داخل کردیئے تھے۔ اُنہوں نے وجہ بتائی تھی کہ دونوں کا مزاج میل نہیں کھاتا۔ سیاسی مبصرین اور عوام کو حیرت ہوئی تھی۔ طویل قانونی عمل کے بعد تیج پرتاپ اور ایشوریا کی طلاق ہوگئی۔ انوشکا یادو کے تعلق سے زیادہ کچھ نہیں معلوم۔ راشٹریہ جنتا دل بہار اسمبلی الیکشن کی تیاری میں ہے، ایسے میں یہ پیشرفت ہوئی۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے