حیدرآباد: حیدرآباد کے گاندھی اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ راج کماری نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا کے معاملات پرشہریوں کو تشویش کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کوویڈ کی نئی شکل جے این ون کافی ہلکی ہے اوراس کی شدت میں کافی کمی ہوگئی ہے۔
شہریوں نے پہلے ہی سے مدافعتی نظام کو ترجیح دی ہے اسی لئے انہیں خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے ایک تلگونیوزچینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کے متعلقہ شعبوں کو چوکس کردیاگیا ہے جوصورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
اسپتال میں درکارنرسنگ اسٹاف، ڈاکٹرس اورمطلوبہ دوائیں تیار ہیں۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے اسپتال کو ہنوز کوئی ہدایات نہیں ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کو مکانات میں ہی الگ تھلگ رہتے ہوئے علاج کروانا چاہئے۔
ماسک کا استعمال، چھینک یا کھانسی پر دستی منہ پر رکھنی چاہئے۔انہوں نے واضح کیا کہ منصوبہ بندی کے ساتھ ڈاکٹرس کے مشورہ کے مطابق علاج کافی ہے۔اگرشدید معاملات جیسے سانس لینے میں دشواری،آکسیجن میں کمی ہوتو ایسے معاملات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
ایسے متاثرین کو ہی اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ایسے سنگین معاملات کا اس مرتبہ امکان کافی کم ہے۔ڈاکٹرس اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ مشتبہ علامات والے مریضوں کا ٹسٹ کروایاجائے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ریفرل لیب ہے جہاں پر یہاں کے علاوہ دیگر اسپتالوں سے بھی مریضوں کے نمونے حاصل ہورہے ہیں۔
ان لیبس میں ان کی جانچ کی جارہی ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ کوویڈ کے سلسلہ میں گاندھی اسپتال کو ہنوز نوڈل سنٹرنہیں بنایاگیا ہے۔قبل ازیں اس کو نوڈل سنٹربنایاگیا تھا۔