حیدرآباد: بین الاقوامی مقابلہ حسن مس ورلڈ 2025 اس وقت شدید تنازع کا شکار ہو گیا ہے، جب موجودہ مس انگلینڈ، ملیا میگی (Milla Magee) نے اچانک مقابلے سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ 74 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی موجودہ ٹائٹل ہولڈر نے مس ورلڈ جیسے عالمی مقابلے سے رضاکارانہ طور پر کنارہ کشی اختیار کی ہو۔
ملیا میگی، جو برطانیہ کے علاقے نیوکی، کارنوال سے تعلق رکھتی ہیں اور پیشے کے اعتبار سے ایک لائف گارڈ ہیں، نے اس فیصلے کے پیچھے احساسِ استحصال اور اخلاقی کشمکش کو وجہ قرار دیا ہے۔
میگی نے برطانوی اخبار The Sun کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ حیدرآباد میں مس ورلڈ کے دوران ان کے ساتھ ایسا برتاؤ کیا گیا جو "خود کو جسم فروش” محسوس کروانے کے مترادف تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو ہر وقت میک اپ اور بول گاؤن پہننے پر مجبور کیا جاتا تھا، حتیٰ کہ ناشتے کے وقت بھی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اور دیگر امیدواروں کو شام کے ایونٹس میں دولت مند مرد اسپانسرز کے ساتھ میز پر بیٹھنے پر مجبور کیا جاتا تھا تاکہ ان کی خوشنودی حاصل کی جا سکے۔ ملیا کے الفاظ میں: "ہمیں ان لوگوں کو خوش کرنے کے لیے رکھا گیا تھا، اور ہمیں ایسے بٹھایا جاتا جیسے ہم ناچنے والے بندر ہوں۔ میں یہ سب برداشت نہیں کر سکی۔”
ملیا میگی نے مس ورلڈ کے مشہور نعرے "Beauty with a Purpose” کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ یہ صرف ایک دکھاوا ہے، کیونکہ حقیقت میں اس پلیٹ فارم پر ظاہری خوبصورتی کو اصل اہمیت دی جاتی ہے، نہ کہ کردار یا سماجی خدمات کو۔
ابتدائی طور پر ان کی دستبرداری کی وجہ "ذاتی وجوہات” بتائی گئی تھی، لیکن انٹرویو کے بعد واضح ہو گیا کہ ان کے انخلاء کے پیچھے سنگین اخلاقی اور جذباتی مسائل کارفرما تھے۔
ملیا میگی کی دستبرداری کے بعد، اب رنر اپ شارلٹ گرانٹ (Charlotte Grant) مس انگلینڈ کی حیثیت سے مس ورلڈ 2025 میں حصہ لیں گی۔
یاد رہے کہ مس ورلڈ 2025 کا فائنل 31 مئی کو حیدرآباد کے HITEX ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جہاں دنیا بھر سے درجنوں ممالک کی حسینائیں شرکت کریں گی۔