سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران دوپہر کے بعد کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 23 سے 26 مئی تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران دوپہر کہیں کہیں بارشوں کے مختصر مرحلے بھی متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 27 سے 31 مئی تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک اور گرم رہ سکتا ہے جبکہ اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ کشمیر میں 23 مئی تک دن کے درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ درج ہوسکتا ہے اور کہیں کہیں ہیٹ ویو بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کی کمی ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق جموں صوبے میں 26 مئی تک دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ریکارڈ ہوسکتا ہے اور کہیں کہیں ہیٹ ویو بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دو پہر کے بعد کہیں کہیں تیز ہوائوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔